لاہور:
معاہدے یکم جولائی سے شروع ہونے کے باوجود کھلاڑیوں کو ستمبر تا اکتوبر تک کا معاوضہ فی کس ایک لاکھ 35 ہزار روپے ادا کردیا گیا، پی سی بی کا کہنا ہے کہ غلطی کا ازالہ کرتے ہوئے بقایا جات کی رقم اگلی تنخواہوں کے ساتھ ادا کردی جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق پی سی بی نے گزشتہ سال ڈپارٹمنٹس کے ساتھ ریجنز کو بھی ختم کرتے ہوئے صوبائی ٹیمیں متعارف کرائیں اور 192کرکٹرز کو کنٹریکٹ دیے تھے۔ ان میں فرسٹ کلاس کے ساتھ قومی ٹیموں کی نمائندگی کرنے والے کئی کھلاڑی بھی شامل ہیں، معاہدے یکم جولائی 2019سے 30جون 2020تک کے کیے گئے تھے، ہر پلیئر کا ماہانہ معاوضہ 50ہزار روپے طے پایا، گزشتہ ماہ ستمبر تا اکتوبر تک کا معاوضہ ٹیکس کٹوتی کے بعد فی کس ایک لاکھ 35 ہزار روپے ادا کیا گیا تو کرکٹرز جولائی اور اگست کی تنخواہیں نہ ملنے پر حیران رہ گئے۔
اس پر متعلقہ لوگوں نے تاریخ یکم جولائی کے بجائے یکم ستمبر لکھ دیا، اسی وجہ سے 3ماہ کی تنخواہیں بن گئیں، ایسا انتظامی غلطی کی وجہ سے ہوا، کسی کھلاڑی کا مالی نقصان نہیں ہوگا، اگلی تنخواہوں کے ساتھ جولائی اور اگست کے واجبات بھی ادا کردیے جائیں گے۔