کراچی:
پی سی بی کی اتھارٹی چیلنج کرنے کے باوجود محمد حفیظ سزا سے بچ نکلے۔
حکام نے مزید کسی تنازع سے بچنے کیلیے کوئی ایکشن لینے سے گریز کیا، سی ای او کے فون کی خبریں پھیلاکر جھینپ مٹائی گئی، بورڈ کو خدشہ تھا کہ اگر دورہ انگلینڈ کے اسکواڈ سے باہر کیا تو حفیظ ’’مظلوم ہیرو‘‘ بن جائیں گے۔
پاکستان کی جگ ہنسائی کا باعث بننے والے محمد حفیظ کیخلاف کوئی ڈسپلنری ایکشن نہیں لیا جائے گا، پی سی بی نے اپنی اتھارٹی چیلنج ہونے کے باوجود ان کیخلاف کوئی کارروائی نہیں کی،اکتوبر میں 40 ویں سالگرہ بنانے والے کرکٹر کیریئر کے اختتامی دور میں بورڈ کو خاطر میں نہیں لا رہے اور اکثر اوقات مشکلات کا باعث بنتے رہتے ہیں۔
جھینپ مٹانے کیلیے ازخود یہ خبر پھیلائی گئی کہ چیف ایگزیکٹیو وسیم خان نے فون کر کے حفیظ سے باز پرس کی ہے، بورڈ کے اعلیٰ حکام نے ان کیخلاف ایکشن لینے کا بھی سوچا مگر سینٹرل کنٹریکٹ یافتہ کرکٹر نہ ہونے اور مزید کسی تنازع سے بچنے کیلیے ایسا نہیں کیا گیا۔
ان کو خدشہ تھا کہ اگر حفیظ کو اسکواڈ سے باہر کیا تو وہ ’’مظلوم ہیرو‘‘ بن سکتے ہیں، اب ایک اور ٹیسٹ کلیئر آنے پر انھیں آئندہ چند روز میں انگلینڈ بھیج دیا جائے گا، اس واقعے سے پی سی بی کو سبکی کا سامنا کرنا پڑا اور اعلیٰ حکومتی حلقے بھی ناخوش ہیں۔