بورڈ آف گورنرز نے نئے مالی سال کے لیے 15 ارب روپے کے بجٹ کی منظوری دے دی

بورڈ آف گورنرز نے نئے مالی سال کے لیے 15 ارب روپے کے بجٹ کی منظوری دے دی


بورڈ آف گورنرز (بی او جی) نے مالی سال 23-2022 کے لیے 15 ارب روپے کے بجٹ کی منظوری دے دی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے بورڈ آف گورنرز کا 69 واں اجلاس جمعرات کو نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر میں منعقد ہوا، جہاں مالی سال 23-2022 کے لیے 15 ارب روپے کے بجٹ کی منظوری دی گئی۔

منظور شدہ بجٹ کا 78 فیصد حصہ کرکٹ سے متعلقہ سرگرمیوں پر خرچ کیا جائے گا۔

اس میں مینز اور ویمنز کرکٹرز کے سینٹرل کنٹریکٹ، بین الاقوامی اور ڈومیسٹک ایونٹس سمیت ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ 8 اور پاکستان جونیئر لیگ کے افتتاحی ایڈیشن کے  انعقاد بھی شامل ہیں۔

اے سی سی ایشیاکپ 2023 اور آئی سی سی چیمپنز ٹرافی 2025 کے پاکستان میں انعقاد کے پیش نظر بی او جی نےانفراسٹرکچر اوراسٹیڈیمز کی اپ گریڈیشن کے لیے فنڈز کی اصولی منظوری دے دی ہے۔

اس میں فلڈ لائٹس، ڈریسنگ رومز، تماشائیوں کے لیے نئی کرسیاں اور ری پلے سکرینز شامل ہیں۔

بی او جی نے  ملازمین کے بچوں کی تعلیم  کے لیے اسکولنگ الاؤنس بھی متعارف کروانے کی منظوری دے دی ہے۔

سینٹرل کنٹریکٹ:

مالی سال 23-2022 کے لیے مینز سینٹرل کنٹریکٹ میں کیا گیا اضافہ مندرجہ ذیل ہے:

ریڈ اور وائیٹ بال کے علیحدہ علیحدہ کنٹریکٹس کے بعد سینٹرل کنٹریکٹ یافتہ کھلاڑیوں کی تعداد 20 سے بڑھا کر 33 کردی گئی۔

بین الاقوامی کرکٹ کے دروازے پر دستک دینے والے کھلاڑیوں کے لیے سینٹرل کنٹریکٹ میں اضافی کٹیگری “ڈی کٹیگری” متعارف کروادی گئی

سینٹرل کنٹریکٹ یافتہ کھلاڑیوں کے ماہوار وظیفہ میں اضافہ

تینوں طرز کی کرکٹ کی میچ فیس میں 10، 10 فیصد اضافہ

نان پلیئنگ پلیئرز کی میچ فیس میں 50 سے 70 فیصد اضافہ

کپتان کے لیے خصوصی الاؤنس بھی متعارف کروادیا گیا

ورک لوڈ منیجمنٹ کے تحت ایلیٹ کھلاڑیوں کے لیے خصوصی رقم مختص کردی گئی تاکہ وہ مکمل فٹ اور پاکستان کرکٹ ٹیم کی نمائندگی کے لیے دستیاب رہیں

ویمنز سینٹرل کنٹریکٹ:

ہر کٹیگری میں شامل ویمن کرکٹر کے ماہوار وظیفہ میں 15 فیصد اضافہ

کھلاڑیوں کی تعداد 20 سے بڑھا کر 25 کرنے کی منظوری

پاکستان کرکٹ فاؤنڈیشن:

اپنی سماجی ذمہ داری کو مد نظر رکھتے ہوئے بی او جی نے ٹرسٹ کی حیثیت سے پاکستان کرکٹ فاونڈیشن کی بنیاد رکھنے کی بھی منظوری دے دی ہے۔

یہ فاؤنڈیشن ریٹائرڈ کرکٹرز، میچ آفیشلز، اسکوررز اور گراؤنڈ اسٹاف کی دیکھ بھال کرے گی۔ اس فاؤنڈیشن سے مستفید ہونے کے لیے اہلیت کے معیار کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔

ابتدائی طور پر بی او جی نے پاکستان کرکٹ فاؤنڈیشن کو آئندہ مالی سال کے لیے دس کروڑ روپے عطیہ کرنے کی منظوری دے دی ہے۔

سال 23-2022 کے لیے مینز اور ویمنز سینٹرل کنٹریکٹ یافتہ کھلاڑیوں کی فہرست کا اعلان جلد کردیا جائے گا۔ ان کنٹریکٹس کا اطلاق یکم جولائی2022 سے ہوگا۔


اپنا تبصرہ لکھیں