بوبی و سنی دیول طویل جدوجہد کے بعد فلموں کی کامیابی پر جذباتی ہوگئے

بوبی و سنی دیول طویل جدوجہد کے بعد فلموں کی کامیابی پر جذباتی ہوگئے


بالی ووڈ اداکار سنی دیول اور ان کے بھائی بوبی دیول طویل جدوجہد کے بعد اپنی فلموں کی کامیابی پر جذباتی ہوگئے اس دوران بوبی دیول آبدیدہ بھی ہوگئے۔

دی گریٹ انڈین کپل شو میں سنی دیول اپنے بھائی کے ساتھ بطور مہمان شریک ہوئے جس میں انہوں نے اپنے فلمی کیریئر اور گھریلو زندگی کے ساتھ ساتھ والد دھرمیندر کا بھی ذکر کیا۔

سنی دیول کی غدر 2 اور بوبی دیول کی اینیمل نے فلم بینوں کی توجہ اپنی جانب حاصل کی، جبکہ راکی اور رانی کی پریم کہانی میں بھی ان کے والد دھرمیندر کو خوب پسند کیا گیا۔

کافی عرصے بعد دونوں بھائیوں کی فلموں نے سال 2023 میں کامیابیاں سمیٹیں جس پر انہوں نے اس پر کھل کر بات چیت کی۔

شو  میں گفتگو کے دوران بوبی دیول نے کہا کہ میں اس بات پر خوش ہوں کہ میرے بھائی نے غدر کے بعد 22 سال تک انتظار کیا اور اسی سال میرے والد کی فلم راکی اور رانی کی پریم کہانی بھی ریلیز ہوئی، اس میں انہوں نے جو کردار نبھایا ہے مجھے نہیں لگتا کہ کوئی اور ایسا کرسکتا تھا۔

بوبی دیول نے مزید کہا کہ پھر میری فلم بھی ہٹ ہوگئی، میں آج  اپنے والد کی آنکھوں میں خوشی دیکھ رہا ہوں، مجھے یاد ہے کہ میں ایک ہفتے بعد اپنے گھر واپس آیا تو پاپا انسٹاگرام پر مصروف تھے اور انہوں نے مجھے کہا کہ بوبی، لوگ آپ کیلئے دیوانے ہیں، جس پر میں نے انہیں کہا کہ میں تو آپ کا بیٹا ہوں، کیا ان کے پاس یہ موقع ہے؟

سنی دیول نے پروگرام میں گفتگو کے دوران بتایا کہ اس میں بہت سال لگے ہیں اس دوران بہت کچھ ہوگیا، ہم اپنا بہتر دینے کی کوشش کررہے تھے، اب میرے بیٹے کی شادی اور بیٹی کے بعد ماحول بالکل بدل گیا ہے، پاپا یہاں 1960 سے ہیں اور ہم نے برسوں میں بہت دیکھا ہے، لیکن اس مرتبہ کیا ہوا، لوگوں کی اس محبت کے ساتھ جو ہم ان سے حاصل کررہے ہیں، مجھے نہیں معلوم تھا کہ کیا ہورہا ہے۔

اس دوران بوبی اور سنی دیول کی آنکھوں میں آنسو بھی آگئے تھے جنہیں پونچھتے ہوئے دونوں مسکرادیے تھے، جبکہ پروگرام میں شریک لوگوں کی جانب سے بھی انہیں خوب داد دی گئی۔


اپنا تبصرہ لکھیں