بنگلہ دیش میں تمام پاکستانی طلبہ محفوظ ہیں، ترجمان دفتر خارجہ

بنگلہ دیش میں تمام پاکستانی طلبہ محفوظ ہیں، ترجمان دفتر خارجہ


ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ بنگلہ دیش میں تمام پاکستانی طلبہ محفوظ ہیں اور انہیں محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ نے جاری بیان میں بتایا کہ ہائی کمیشن نے طلبہ کو محفوظ مقامات پر ٹھہرایا ہے، جن میں ہائی کمیشن، سفیر کی رہائش گاہ اور کچھ دیگر محفوظ مقامات شامل ہیں۔

ڈھاکہ میں ہمارا مشن تمام طلبہ سے رابطے میں ہے، ڈپٹی ہیڈ مشن (ڈی ایچ ایم) نے چٹاگانگ کا دورہ کیا اور وہاں طلبہ سے بھی ملاقات کی، تمام طلبہ محفوظ ہیں۔

یہ بیان ایسے وقت سامنے آیا ہے، جب بنگلہ دیش میں سرکاری نوکریوں میں بھرتی کے کوٹے کے خلاف پرتشدد مظاہروں میں شدت آئی، جس میں اموات کی تعداد 100 سے تجاوز کر گئی ہے، جبکہ حکومت ملک بھر میں کرفیو نافذ اور احتجاج کو روکنے کے لیے فوج کو طلب کر لیا ہے۔

ایک روز قبل ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا تھا کہ پاکستان بنگلہ دیش میں پیش رفت کو دیکھ رہا ہے، ہمارا ہائی کمیشن پاکستانی طلبہ اور بنگلہ دیشی حکام کے ساتھ رابطے میں ہے تاکہ طلبہ کی حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم نے اپنے طلبہ کے لیے ایڈوائزری جاری کی ہے، وہ ہائی کمیشن کے ساتھ رابطے میں ہیں، جس نے بہت سے طلبہ کو سہولت فراہم کی ہے جنہیں محفوظ رہائش کی ضرورت تھی، ہم صورت حال کا جائزہ لیتے رہیں گے اور بنگلہ دیش میں اپنے طلبہ کی مسلسل موجودگی کے بارے میں فیصلہ کرتے رہیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں یقین ہے کہ بنگلہ دیش کے عوام اپنے اندرونی معاملات کو حل کرنے اور جاری صورتحال کا پرامن حل تلاش کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

وزیراعظم حسینہ واجد کے رواں برس دوسری مدت کے لیے دوبارہ منتخب ہونے کے بعد ڈھاکا اور دیگر شہروں میں جاری ملک کی سب سے بڑی بدامنی کا مقصد پبلک سیکٹر کی ملازمتوں میں 30 فیصد کوٹے کے فیصلے کو چیلنج کرنا ہے۔


اپنا تبصرہ لکھیں