بنگلا دیش بورڈ پاکستان سے ٹیسٹ سیریز کے بجائے زمبابوے کی میزبانی کیلئے تیار


لاہور: 

پاکستان کے خلاف سیریز کا معاملہ ہوا میں معلق رکھنے والے بنگلہ دیشی کرکٹ بورڈ نے فروری میں زمبابوے کی میزبانی کے لیے تیاریاں شروع کردیں۔

افریقی ٹیم کیخلاف ہوم سیریز میں 3 ون ڈے اور ایک کے بجائے 2 ٹیسٹ شامل کئے جائیں گے، فیوچر ٹور پروگرام کے تحت زمبابوے کی ٹیم کو مارچ میں ایک ٹیسٹ اور 5 ٹی 20 میچز کھیلنے کے لیے مارچ میں بنگلہ دیش آنا تھا، اب فروری میں سیریز کا آغاز کرتے ہوئے 3 ون ڈے، 3 ٹی 20 اور 2 ٹیسٹ میچز شیڈول کئے جائیں گے۔

بنگلہ دیشی بورڈ کے چیف ایگزیکٹو نظم الحسن کا کہنا ہے کہ زمبابوین ٹیم فروری میں آئے گی،چیئرمین کرکٹ آپریشنز محمد اکرم نے تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ مہمان ٹیم کی فروری میں آمد ہوگی،  تاریخوں کا ابھی فیصلہ نہیں ہوا، زمبابوین بورڈ کے ساتھ بات چیت میں معاملات کو حتمی شکل دے رہے ہیں۔

یاد رہے کہ پی سی بی کی جانب سے بنگلہ دیشی بورڈ کو بھجوائے جانے والے مجوزہ شیڈول کے مطابق 3  ٹی ٹوئنٹی میچز جنوری جبکہ دونوں ٹیسٹ فروری میں ہونے ہیں۔ اس صورتحال میں بی سی بی کی جانب سے زمبابوے کے خلاف سیریز  کو قبل از وقت شیڈول کئے جانے سے کئی سوالات اٹھ کھڑے ہوئے ہیں، باہمی سیریز کے حوالے سے پی سی بی تاحال  بنگلہ دیش کے جواب کا منتظر ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں