بنگلادیش میں مظاہروں میں کمی کے بعد ٹیلی کمیونیکیشن سروسز جزوی طور پر بحال ہوگئیں۔
بین الاقوامی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق، بنگلادیش میں انٹرنیٹ کی رفتار سست ہے جبکہ سوشل میڈیا پر پابندی برقرار ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ملک میں آج 7 گھنٹے کے لیے پابندیوں میں نرمی رہے گی اور دفاتر صبح 11 بجے سے دوپہر 3 بجے تک کھلے رہیں گے۔
یاد رہے کہ بنگلادیش کی سپریم کورٹ نے سرکاری ملازمتوں میں 93 فیصد اوپن میرٹ کا فیصلہ دے دیا ہے اور حکومت نے عدالت کے فیصلے پر عمل کرنے کا اعلان بھی کر دیا ہے۔
جس کے بعد طلبا نے انٹرنیٹ بحالی، یونیورسٹیاں کھولنے، کیمپس میں سے پولیس کو نکالنےکا مطالبہ کر دیا ہے۔
اس حوالے سے طلبا کوآرڈینیٹر کا کہنا ہے کہ 48 گھنٹے کا الٹی میٹم جمعرات کو ختم ہونے پر اگلے اقدامات کا اعلان کریں گے۔
واضح رہے کہ بنگلادیش میں گذشتہ ہفتے شروع ہونے والے مظاہروں میں اب تک 174 افراد ہلاک، سیکڑوں افراد زخمی جبکہ ڈھائی ہزار سے زیادہ افراد کی گرفتاریاں ہوئیں۔