لاہور: دورئہ پاکستان کے حوالے سے بنگلادیشی بورڈ کیلیے فیصلہ دشوار ہوگیا۔
فیوچر ٹور پروگرام کے تحت بنگلادیشی ٹیم کو جنوری، فروری میں پاکستان کا دورہ کرتے ہوئے 3ٹی ٹوئنٹی اور 2ٹیسٹ میچز کھیلنا ہیں،ابھی تک ٹور کے حوالے سے کئی تجاویز سامنے آتی رہیں جنھیں پیش نظر رکھتے ہوئے اتوار کی میٹنگ میں کوئی حتمی فیصلہ کیا جائیگا، ان میں سے پہلی صرف ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلنے کیلیے اصرار ہے، دوسری ایک ٹیسٹ اور 3ٹی ٹوئنٹی کا انعقاد ہوگی۔
تیسری یہ ہے کہ پی سی بی کے مطالبے پر دونوں ٹیسٹ میچز کھیل کر ٹی ٹوئنٹی کوموخر کردیا جائے،پاکستان طویل فارمیٹ کے مقابلوں کی میزبانی پر کسی مصلحت سے کام لینے کو تیار نہیں،صرف ٹی ٹوئنٹی کھیلنے پر اصرار کا مطلب چوتھا آپشن یعنی دورے سے ہی انکار ہوگا۔ اتوار کو فیصلہ ہونے کے 6روز بعد یعنی 18جنوری کو بنگلادیشی اسکواڈ کو پاکستان روانہ ہونا ہے، فیصلے کیلیے زیادہ وقت نہیں بچا۔
دوسری جانب بنگلادیش کرکٹر مشرفی مرتضٰی نے اگر میں ٹیم میں شامل ہوتا تو دورہ پاکستان سے انکار نہیں کرتا،اس ضمن میں اپنی فیملی سے بھی پوچھتا،میں نہیں جانتا کہ ان کا کیا ردعمل ہوتا، اگر مجھ سے پوچھا جاتا تو رضامندی ظاہر کردیتا۔
انھوں نے کہا کہ انکار کرنے والے کرکٹرز کو قصوروار نہیں ٹھہرایا جا سکتا، زندگی پہلے اورکرکٹ بعد میں آتی ہے، ہر کسی کو فیصلے کا حق حاصل ہے۔