بنگال ٹائیگرز نے اپنے گرد خوف کا جال بُن لیا


لاہور: 

 بنگال ٹائیگرز نے اپنے گرد خوف کا جال بن لیا ،گذشتہ سیریز میں پاکستان کی جانب سے بہترین انتظامات کے باوجود بد اعتمادی کے خول سے باہر نہ آسکے، بی سی بی کے علاوہ نیشنل سیکیورٹی ایجنسیز کے اہلکار بھی اسکواڈ کے ہمراہ موجود رہیں گے۔

بنگلادیشی ٹیم بدھ کو دورئہ پاکستان کیلیے روانہ ہوگی، ٹی ٹوئنٹی سیریز کی تیاری کیلیے بنگال ٹائیگرز نے اتوار کو مشقوں کا آغاز کیا، تربیتی کیمپ کے پہلے روز بی سی بی کے صدر نظم الحسن بھی کرکٹرز سے ملاقات کیلیے آئے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ میں کھلاڑیوں کے ساتھ سیکیورٹی کے معاملے پر بات نہیں کرنا چاہتا تھا، البتہ کچھ تحفظات سامنے آئے، میں نے ان کو بتایا کہ پریشانی کی کوئی بات نہیں، آپ کو صرف کرکٹ پر توجہ دینا چاہیے، اگر انھوں نے سیکیورٹی کے بارے میں زیادہ سوچا تو کارکردگی متاثر ہوگی، کرکٹ ایک مشکل کھیل جس میں ذہنی سکون کے ساتھ میدان میں اترنا ضروری ہے،خاص طور پر ٹی ٹوئنٹی میچز میں سخت دباؤ اور ہر لمحہ مقابلے کی صورتحال تبدیل ہوتی ہے،میں نے کرکٹرز سے کہا ہے کہ اطمینان رکھیں،ہمارا ایک سیکیورٹی وفد وہاں پہلے سے موجود ہوگا، بنگلادیشی نیشنل سیکیورٹی ایجنسی کے اہلکار پہلے جائیں گے۔

ڈائریکٹر جنرل فورسز انٹیلی جنس بھی اسکواڈ کے ہمراہ ہوں گے،اس میں کوئی شک نہیں کہ پاکستان سیکیورٹی کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہا ہے،پی سی بی نے اپنے تمام تر سیکیورٹی پلان سے ہمیں آگاہ کردیااس کے باوجود کہیں بھی کوئی واقعہ ہوسکتا ہے، ہمارا اپنا سیکیورٹی وفد بھی پورے ٹور کے دوران صورتحال پر نظر رکھنے کے لیے موجود ہوگا، بی سی بی کے سیکیورٹی حکام بھی ہمراہ ہوں گے، نظم الحسن نے بتایا کہ میں خود بھی پاکستان میں کھلاڑیوں کو جوائن کر لوں گا، پوری امید ہے کہ کوئی مسائل نہیں ہوں گے۔

انھوں نے کہا کہ صرف باہمی سیریز ہوتی تو معاملہ مختلف ہوتا، آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ میچز کھیلنا ضروری اور ہمارے پاس کوئی راستہ نہیں تھا، آئی سی سی کا فل ممبر ہونے کی حیثیت سے ہم پر کھیلنے کیلیے دباؤ تھا،ٹی ٹوئنٹی سیریز کھیل کر واپس آکر وہاں کی صورتحال کو سمجھ سکتے ہیں،اگر کوئی مسئلہ ہوا تو اس پر بات ممکن ہوگی۔ دوسری طرف ٹی ٹوئنٹی سیریز کیلیے لاہور میں تیاریاں عروج پر پہنچ گئیں۔

قذافی اسٹیڈیم کو سجانے اور صفائی و ستھرائی کا کام تیزی سے جاری ہے، چیئرمین باکس، پیٹرنز انکلوژر، میڈیا سینٹر کے شیشے صاف کر دیے گئے ہیں، کرسیوں پر موجود گردو غبار ہٹانے کا کام جبکہ انکلوژرز کے ٹوٹے جنگلوں کی ویلڈنگ کی جا رہی ہے، وی آئی پی شخصیات کیلیے کرسیوں کی منتقلی کا کام بھی جاری ہے،گراؤنڈ میں موجود اضافی گھاس صاف کر دی گئی، پچز کی تیاریاں بھی آخری مرحلے میں داخل ہو چکی ہیں، لبرٹی چوک سے فیروز پور روڈ تک جانے والی مین شاہراہ کے اطراف میں موجود کوڑا کرکٹ اٹھا کر اسے مکمل طور پر صاف کر دیا گیا ہے۔ یاد رہے کہ لاہور میں 3 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز بالترتیب 24، 25 اور 27 جنوری کو کھیلے جائیں گے۔


اپنا تبصرہ لکھیں