خیبر پختونخوا کے شہر بنوں میں انسداد پولیو ٹیم پر حملہ ہوا جس کے بعد پولیس اور مسلح افراد کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں 2 اہلکار شہید اور 3 زخمی ہوگئے۔
پولیس اور مسلح افراد کے درمیان اس وقت فائرنگ کا تبادلہ شروع ہوا جب مسلح افراد نے پولیو ٹیم پر فائرنگ کردی۔
ڈی آئی جی بنوں قاسم علی خان نے بتایا کہ جوابی فائرنگ سے ایک حملہ آور زخمی ہوگیا۔
انہوں نے بتایا کہ پولیس نے دوسرے حملہ آور کا پیچھا کیا تو دونوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ شروع ہوگیا۔
قاسم علی خان کا کہنا تھا کہ فائرنگ کا سلسلہ کئی گھنٹے جاری رہا جس کے باعث 2 پولیس اہلکار شہید اور 3 زخمی ہوگئے، جبکہ دوسرا حملہ آور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب رہا۔
انہوں نے کہا کہ شہید اہلکاروں اور زخمیوں کو مقامی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔