بنوں میں سیکیورٹی فورسز کے قافلے پر خودکش حملہ، 2 شہری شہید،3 اہلکاروں سمیت 10 زخمی

بنوں میں سیکیورٹی فورسز کے قافلے پر خودکش حملہ، 2 شہری شہید،3 اہلکاروں سمیت 10 زخمی


خیبر پختونخوا کے ضلع بنوں میں سیکیورٹی فورسز کے قافلے پر کیے گئے خودکش حملے میں 2 عام شہری شہید جب کہ 3 اہلکاروں سمیت 10 افراد زخمی ہوگئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ایک موٹر سائیکل سوار خودکش حملہ آور نے 26 نومبر کو ضلع بنوں کے عام علاقے بکہ خیل میں سیکیورٹی فورسز کے قافلے پر حملہ کرتے ہوئے خود کو دھماکے سے اڑایا۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ خودکش حملہ آور حافظ گل بہادر گروپ سے وابستہ تھا اور بعد میں اس کی شناخت افغان شہری کے طور پر ہوئی۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق خودکش حملے کے نتیجے میں 2 بے گناہ شہریوں نے جام شہادت نوش کیا، اس کے علاوہ 7 عام شہری اور پاک فوج کے 3 جوان زخمی بھی ہوئے۔

آئی ایس پی آر نے مزید بتایا کہ علاقے میں اگر کوئی اور دہشت گرد موجود ہے، تو اسے ختم کرنے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کے لعنت ختم کرنے کے لیے پُرعزم ہیں۔

یاد رہے کہ اس سے قبل رواں ماہ کے شروع میں خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں 3 الگ الگ واقعات میں پاک فوج کے 3 اہلکار شہید ہوگئے تھے۔

یا رہے کہ اس سے قبل خیبر پختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسمٰعیل خان میں ٹانک اڈہ کے قریب پولیس پر کیے گئے بم دھماکے میں 5 افراد جاں بحق اور20 افراد زخمی ہوگئے تھے۔

دوسری جانب بلوچستان کے ضلع گوادر میں سیکیورٹی فورسز کی گاڑی پر دہشت گردوں کے حملے میں پاک فوج کے 14 اہلکار شہید ہوگئے۔

خیال رہے کہ کالعدم تحریک طالبان (ٹی ٹی پی) کی جانب سے گزشتہ برس نومبر میں حکومت کے ساتھ جنگ بندی ختم کرنے کے اعلان کے بعد پاکستان میں خاص طور پر خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں دہشت گردی کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے۔

اس سے قبل 28 اکتوبر کو خیبر پختونخوا کے ضلع خیبر اور جنوبی وزیرستان میں دو مختلف واقعات میں سیکیورٹی فورسز کے 3 جوان شہید اور ایک دہشت گرد ہلاک ہو گیا تھا۔

دوسری جانب جنوبی وزیرستان کے علاقے سرویکئی میں بارودی سرنگ پھٹنے سے 2 فوجی شہید ہوگئے تھے۔


اپنا تبصرہ لکھیں