‘بندھے ایک ڈور سے’ اشنا اور احسن کا نیا ڈراما


پاکستان کی نامور اداکارہ اشنا شاہ ‘بےوفا’ اور ‘بلا’ جیسے ڈراموں میں شاندار اداکاری کے بعد مداحوں کی پسندیدہ اداکارہ بن چکی ہیں اور اب انہوں نے ایک اور ڈراما بھی سائن کرلیا۔

اپنے اس نئے ڈرامے ‘باندھے ایک ڈور سے’ میں اشنا ایک اور ٹیلنٹڈ اداکار احسن خان کے ساتھ کام کررہی ہیں جس کی پروڈکشن سونتھ اسکائے پروڈکشن کمپنی کررہی ہے۔

ڈان سے بات کرتے ہوئے احسن خان کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ ‘میں اس ڈرامے میں عمر نامی کردار نبھارہا ہوں، یہ ایک خاندان پر مبنی کہانی ہے، ایک عام سی فیملی، کچھ مسائل ہیں اور ایک رومانوی کہانی، کچھ بہت سنجیدہ نہیں، ایک مزیدار ڈراما ہے، جس کی کہانی فائزہ افتخار نے تحریر کی ہے، وہ ایک بہترین لکھاری ہیں’۔

احسن خان نے مزید کہا کہ اس ڈرامے کی ہدایات علی فرزان دے رہے ہیں، ان کا کہنا تھا کہ ‘میں کم ڈراموں میں کام کرتا ہوں لیکن چاہتا ہوں جو ڈراما کروں وہ اچھا ہو، اور مجھے مزح آئے’۔

اداکار نے بتایا کہ ‘عبدالله کڈوانی اور اسد قریشی اس ڈرامے کے پروڈیوسرز ہیں، میں نے کافی عرصے سے کسی رومانوی ڈرامے میں کام نہیں کیا، اس لیے یہ کافی اچھا موقع ہے اس ڈرامے میں کام کرنے کا’۔

اس ڈرامے کی کاسٹ میں حنا الطاف، ثمینہ احمد، صبا حمید، صبا فیصل، نور حسن، قوی خان، کامران جیلانجی، مدیحہ رضوی اور سائمہ قریشی بھی شامل ہیں۔

‘بندھے ایک ڈور سے’ کو جیو ٹیلی ویژن پر اگلے سال مارچ سے پیش کیا جائے گا۔


اپنا تبصرہ لکھیں