بھارتی فضائی کمپنی ائیرانڈیا کے طیارے کو بم کی اطلاع پر لندن کے ائیرپورٹ پر اتارلیا گیا۔
رپورٹس کے مطابق ائیرانڈیا کی پرواز اے ون 191 ممبئی سے براہ راست امریکی شہر نیویارک جارہی تھی۔ ائیرانڈیا کے بوئنگ 777 طیارے میں یہ واقعہ صبح 10:30 بجے رونما جب پائلٹس نے برطانوی کنٹرول ٹاور رابطہ کیا اور بتایا کہ انہیں طیارے میں بم کی موجودگی کی اطلاع موصول ہوئی ہے۔
اطلاع ملتے ہی برطانوی فضائیہ کے دو لڑاکا طیاروں نے بھارتی طیارے کو فضا میں ہی اپنے حصار میں لیا اور لندن کے سٹینسٹڈ ائیرپورٹ کے علیحدہ رن وے پر لینڈ کرایا۔
مسافروں کو سخت سیکیورٹی میں رن وے سے لاؤنج میں لے جایا گیا جس کے بعد طیارے کی تلاشی لی گئی تاہم کوئی بم برآمد نہ ہوا اور بم کی موجودگی کی اطلاع افواہ نکلی اور طیارے نے منزل کی جانب دوبارہ اڑان بھرلی۔