بل اینڈ ملنڈا گیٹس فاؤنڈیشن کے شریک چئیرمین بل گیٹس نے پولیو کے خاتمے کے لیے پاکستان کی حالیہ کوششوں کو سراہتے ہوئے اس بیماری کے مکمل خاتمے کے اپنے عزم کو دہرایا۔
ساتھ ہی انہوں نے کووڈ 19 کی ویکسینیشن کی کامیاب مہم کو سراہتے ہوئے گیٹس فاؤنڈیشن کی جانب سے امداد جاری رکھنے کی بھی یقین دہانی کرائی۔
وزیر اعظم کے دفتر سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے بل گیٹس سے ٹیلی فون پر گفتگو کی اور دونوں نے شراکت داری کے مقاصد کے لیےمل کر کام جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔
گفتگو کے دوران پاکستان میں پولیو کے خاتمے اور عالمی وبا کورونا وائرس سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا ہےکہ پاکستان سے پولیو کا خاتمہ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور کووڈ 19 کے چیلنجز کے باوجود پولیو کے خاتمے کی مہم بھرپور طریقے سے جاری ہے۔
وزیر اعظم نے بل اینڈ ملنڈا گیٹس فاؤنڈیشن کی جانب سے غربت کے خاتمے، امراض اور دنیا میں عدم مساوات کے خاتمے کے لیے کام کو سراہا اور فائونڈیشن کے پاکستان میں کام کی بھی تعریف کی۔
وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان میں پولیو کے کیسز میں تیزی سے کمی کے ساتھ مثبت پیش رفت جاری ہے اور گزشتہ سال صرف ایک پولیو کیس ریکارڈ ہوا۔
گیٹس فاؤنڈیشن کی جانب سے کوڈ ویکسین تک رسائی کی مضبوط وکالت کا حوالہ دیتے ہوئے وزیر اعظم نےزور دیا کہ ویکسین کی مساوی، بروقت اور متناسب ترسیل اہم ہے کیونکہ اس سے کم آمدن والے ملکوں کو اس وبا کے سماجی اور معاشی اثرات سے نمٹنے میں مدد ملی۔