جنوری 2022 میں بلیک بیری نے باضابطہ طور پر فونز کے لیے سپورٹ ختم کرنے کا اعلان کیا تھا۔
کینیڈین کمپنی کی جانب سے 4 جنوری 2022 سے بلیک بیری کے سافٹ ویئر بلیک بیری 7.1 ، بلیک بیری 10 یا دیگر پر کام کرنے والے فونز یا ٹیبلیٹس کے لیے سپورٹ ختم کردی گئی تھی۔
یعنی بلیک بیری ڈیوائسز پر وائی فائی کا استعمال، فون کالز، ٹیکسٹ میسجز اور دیگر فنکشنز اب کام نہیں کرتے، یعنی فون صارفین کے لیے بیکار ہی ہوگئے ہیں۔
مگر بلیک بیری فونز پسند کرنے والوں کو توقع تھی کہ کینیڈین کمپنی کے مزید نئے فونز مارکیٹ میں دستیاب ہوں گے اور امریکی کمپنی آن ورڈ موبیلیٹی انہیں متعارف کرائے گی۔
خیال رہے کہ اگست 2020 مین کینیڈین کمپنی نے آن ورڈ موبیلٹی اور فوکس کون کی ذیلی کمپنی ایف آئی ایچ موبائل لمیٹڈ سے اشتراک کیا تھا تاکہ نئے بلیک بیری فونز متعارف کرائے جاسکیں۔
اس کے بعد اس بارے میں مزید کوئی تفصیلات سامنے نہیں آئیں مگر آن ورڈ موبیلیٹٰ نے بتایا تھا کہ وہ اینڈرائیڈ پر کام کرنے والے بلیک بیری فون کو تیار کرنا چاہتی ہے۔
مگر 2021 کے اختتام پر آن ورڈ موبیلیٹٰ نے کہا تھا کہ وہ 5 جی بلیک بیری فون کو پیش کرنے کے لیے تیار ہے۔
مگر اب یقینی طور پر بلیک بیری برانڈ کے عہد کا خاتمہ ہورہا ہے کیونکہ رپورٹس کے مطابق آن ورڈ موبیلٹی کو بلیک بیری کی تیاری کے لیے ملنے والا لائسنس منسوخ کردیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق بلیک بیری کی جانب سے 60 کروڑ ڈالرز میں موبائل پیٹنٹ پورٹ فولیو فروخت کرنے کے بعد خود کو اسمارٹ فون بنانے والی کمپنی کی حیثیت سے دو رکھنا چاہتی ہے۔
واضح رہے کہ بلیک بیری کسی زمانے میں موبائل فون کی دنیا میں راج کرنے والی کمپنی تھی مگر آئی فون اور اینڈرائیڈ فونز نے اس کی مقبولیت ختم کردی۔