بلوچستان میں قیدیوں کیلئے علیحدہ کورونا وارڈ بنانے کی تجویز


آئی جی جیل خانہ جات نے بلوچستان کی جیلوں کے قیدیوں میں کورونا وائرس کے کیسز میں اضافے کے پیشِ نظر صوبائی حکومت کو علیحدہ کورونا اسپیشل جیل وارڈ بنانے کی تجویز دے دی۔

آئی جی جیل خانہ جات بلوچستان ملک یوسف نے جیو نیوز کو بتایا کہ کوئٹہ مستونگ اور ژوب کی جیلوں میں بند قیدیوں اور عملے میں کورونا کے کچھ کیسز سامنے  آئے ہیں۔

 ملک یوسف نے کہا کہ جیل میں کورونا کیسز آنے کے بعد محکمہ جیل نے محکمہ صحت کو صوبے کی تمام 11 جیلوں کے قیدیوں اور عملے کا کورونا ٹیسٹ کرانے کے لیے مراسلہ لکھ دیا ہے۔

آئی جی جیل خانہ جات ملک یوسف نے بتایا کہ بلوچستان کی جیلوں میں کورونا کے پھیلاؤ کے خطرے کے پیشِ نظر تقریباً 4 ماہ سے قیدیوں کی اپنے رشتہ داروں سے ملاقات بند ہے ۔

ان کا کہنا تھا کہ کسی بھی نئے قیدی کو کورونا ٹیسٹ کے بغیر جیلوں میں نہیں لیا جارہا ہے تاہم کورٹس میں پیشی کے موقع پر قیدی اپنے رشتے داروں سے ملاقات کرتے ہیں جس کی وجہ سے کچھ جیلوں میں کورونا کے کیسز سامنے آئے ہیں۔

آئی جی نےمزید کہا کہ مجوزہ کورونا اسپیشل جیل وارڈ میں کورونا میں مبتلا قیدیوں کو پولیس اور محکمہ صحت کے عملے کی نگرانی میں رکھا جائے گا۔


اپنا تبصرہ لکھیں