کراچی: معروف لوک گلوکارہ ریشماں کی آج چھٹی برسی منائی جارہی ہے۔
1947 میں جنم لینے والی گلوکارہ ریشماں کا تعلق خانہ بدوشوں کے خاندان سے تھا جو کہ تقسیم ہند کے بعد پاکستان منتقل ہوا۔ ریشماں نے اپنے فنی کیرئیر کا آغاز محض 12برس کی عمر میں ریڈیو پاکستان سے کیا۔ اور ’’ہائے او ربا نئیں او لگدا دل میرا‘‘، ’’چار دنا دا پیار او ربا، بڑی لمبی جدائی‘‘، اور ’’اکھیوں کو رہنے دو اکھیوں کے آس پاس‘‘ جیسے گیت گا کر شناخت حاصل کی۔
انتہائی غریب اورخانہ بدوش خاندان سے تعلق ہونے کی وجہ سے ریشماں نے باقاعدہ تعلیم حاصل نہ کی تھی وہ کم سنی میں ہی مختلف صوفیاء کے مزاروں پر فن کا مظاہرہ کرتی تھیں۔ عظیم صوفی بزرگ لعل شہباز قلندر کے مزار پر ’’ ہو لعل میری ‘‘ گانے پر انھیں ریڈیو اور بعدازاں ٹی وی پر بھی گانے کا موقع ملا۔ وہ سابق وزیر اعظم اندرا گاندھی کی دعوت پر بھارت بھی گئیں ان کے متعدد گیت بھارتی فلموں میں بھی شامل کیے گئے۔
انھیں گلے کے کینسر کا انکشاف ہوا تو سابق صدر پرویز مشرف کی جانب سے علاج معالجے کے لیے انھیں بھرپور امداد فراہم کی گئی۔ حکومت پاکستان کی جانب سے انھیں ستارہ امتیاز اور ’’بلبل صحرا‘‘ کا خطاب عطاء کیا گیا۔ ریشماں 3 نومبر2013 کو طویل علالت کے بعد انتقال کر گئیں۔