وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ بلاول گھیرے میں ہیں اور و ہ بھی مریم نواز اور حمزہ کی طرح منی لانڈرنگ کے معاملا ت پر گرفت میں آئیں گے ۔
کراچی ائیر پورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشیدکا کہنا تھا کہ آصف زرداری کراچی میں بیٹھ کر بلاول کے خلاف شواہد مٹانےکی کوشش کررہے ہیں۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ اللہ پاک بلاول کو ہدایت دے، بلاول خطرناک بنے پر وائلڈ (جنگلی) نہ بنے، بلاول کو کلین چٹ دلانے کے لیے آصف زرداری کوششوں میں لگے ہوئے ہیں۔
مزید پڑھیں
گرفتار ہوا تو زیادہ خطرناک ہوجاؤں گا، اگر ہمت ہے تو گرفتارکرلو: بلاول
نیب نے بلاول بھٹو زرداری کو طلب کر لیا
نیب نے بلاول اور سابق صدر آصف زرداری کو 13 دسمبر کو طلب کرلیا
27 دسمبر کو راولپنڈی میں پیپلز پارٹی کے جلسے کے حوالے سے ان کا کہناتھا کہ بلاول ہمارے شہر میں آرہا ہے،کارکنوں سمیت سب کو ویلکم کریں گے۔
آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کے حوالے سے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ یہ کوئی مسئلہ نہیں ہے اس پر سب کا اتفاق ہے، عدلیہ آزاد ہے اور اداروں میں کوئی تصادم نہیں،مشرف کیس کو حکومت کی قانونی ٹیم دیکھ رہی ہے۔
بھارت کے حوالے سے گفتگوکرتے ہوئے وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ انڈیا کے مسلمان جاگ گئے ہیں ہوسکتا ہے کہ مودی مارچ تک پاکستان کی سرحدوں سے چھیڑ چھاڑ کرے۔
خیال رہے کہ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو قومی احتساب بیورو (نیب) نے 24 دسمبر کو جعلی اکاؤنٹس کیس میں طلب کیا تھا اور انہیں بطور ڈائریکٹر زرداری گروپ بلایا گیا تھا تاہم وہ نیب کے سامنے پیش نہیں ہوئے۔
اس حوالے سے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ نیب نے مجھے غیرقانونی نوٹس بھیجا، پہلے دباؤ میں آئے اور نہ اب آئیں گے، پورے ملک کو معلوم ہے کہ 27 دسمبر کو میں کیا کرتا ہوں لہٰذا 24 دسمبرکو نیب کے سامنے پیش نہیں ہوں گا۔
پی پی چیئرمین کا مزید کہنا تھا کہ گرفتاری کا کوئی خوف نہیں اور نہ ہی میں گرفتاری سے ڈرتا ہوں، مجھے گرفتار کیا گیا تو زیادہ خطرناک ہوجاؤں گا۔