معروف پاکستانی فلمساز بلال لاشاری نے بالی ووڈ فیسٹیول ناروے میں ’بہترین فلمساز کا ایوارڈ‘ اپنے نام کرلیا۔
بلال لاشاری کو بالی ووڈ فیسٹیول ناروے میں بہترین فلمساز کا ایوارڈ فلم ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ کے لیے ملا ہے۔
بلال لاشاری کی اس فیسٹیول میں جیت پاکستانی سینما کے لیے ایک اہم موقع ہے اور اس کامیابی نے فلمساز کی قابلیت اور صلاحیت کو عالمی سطح پر اجاگر کیا ہے۔
فلم ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ ایک تاریخی ایکشن فلم ہے جوکہ ایک جٹ جنگجو کی افسانوی کہانی ہے۔ اس فلم دنیا بھر میں باکس آفس پر شاندار پذیرائی ملی ہے اور اس فلم نے پاکستانی سینما کو دنیا بھر کے فلمی شائقین تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
یہاں یہ بات قابلِ ذکر ہے کہ ناروے میں بھارتی سینما اور ثقافت کو فروغ دینے کے لیے 2003ء میں بالی ووڈ فیسٹیول ناروے قائم کیا گیا جوکہ ہمارے پڑوسی ملک کے سینما اور ثقافت کو فروغ دینے کے لیے منعقد کیے جانے والا اب تک کا سب سے بڑا فیسٹیول ہے۔
یہ فیسٹیول اب ناروے کے ثقافتی کیلنڈر کی ایک نمایاں تقریب میں تبدیل ہو گیا ہےجوکہ ہر سال ہزاروں شرکاء کو اپنی طرف متوجہ کرتا ہے۔