کراچی پولیس نے بغیر اجازت ریلی نکالنے پر سندھ ہائی کورٹ کے باہر سے پاکستان تحریک انصاف کے چار رہنماؤں کو گرفتار کر لیا۔
کراچی پولیس نے آج ہائی کورٹ کے باہر سے چاروں رہنماؤں کو گرفتار کیا۔
پی ٹی آئی پر اتوار کو تین تلوار پر بغیر اجازت ریلی نکالنے کا الزام ہے اور چاروں گرفتار رہنما اس مقدمے میں نامزد ہیں۔
یاد رہے کہ اتوار کو پاکستان تحریک انصاف نے کراچی میں ریلی نکالنے کی کوشش کی تھی جس پر پولیس اور پی ٹی آئی کارکنوں میں تصادم ہوا تھا اور پولیس نے تحریک انصاف کے 20 سے زائد کارکنوں کو حراست میں لے لیا تھا۔
ڈی آئی جی جنوبی اسد رضا نے ڈان ڈاٹ کام کو بتایا تھا کہ پی ٹی آئی سے منسلک لوگوں کے خلاف کارروائی اس لیے کی گئی کیونکہ ان کے پاس کراچی کے علاقے کلفٹن میں احتجاج یا ریلی نکالنے کے لیے این او سی نہیں تھا۔ انہوں نے کہا تھا کہ پولیس کو این او سی کے لیے کوئی درخواست موصول نہیں ہوئی۔