بغداد: امریکی سفارتخانے پر راکٹ حملے


بغداد: حکومت مخالف مظاہروں کے دوران گرین زون میں واقعے امریکی سفارتخانے پر راکٹ حملے کیے گئے۔

عرب خبر رساں ادارے کے مطابق عراق کے دارالحکومت بغداد میں حکومت مخالف مظاہرے جاری ہیں اور اتوار کے روز مظاہروں کے دوران بغداد کے گرین زون میں واقعے امریکی سفارتخانے پر راکٹ حملے کیے گئے۔

امریکی جوائنٹ آپریشنز کمانڈ کے مطابق امریکی سفارتخانے کے قریب 5 راکٹ فائر کیے گئے جن میں سے 3 راکٹ براہِ راست سفارتخانے پر داغے گئے، ایک راکٹ رات کے کھانے کے وقت کیفے ٹیریا میں گرا جس سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

عرب میڈیا کا کہنا ہےکہ اگر امریکی سفارتخانے کی عمارت پر حملے کی تصدیق ہوئی تو یہ پہلی مرتبہ ہوگا کہ رواں ماہ سفارتخانے پر ہونے والے اس تیسرے حملے میں سفارتخانے کی عمارت کو براہِ راست نشانہ بنایا گیا۔

عراق کے نگراں وزیراعظم عدیل عبدالمہدی نے حملے کی مذمت کی اور اسے جارحیت قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ حملہ عراق کو ایک جنگی ماحول میں دھکیل کرسکتا ہے۔

حملے کے بعد امریکا نے عراقی حکومت پر سفارتخانے کو تحفظ فراہم کرنے پر زور دیا۔

دوسری جانب عراق میں ہونے والے حکومت مخالف مظاہروں میں فورسز سے جھڑپوں میں 2 مظاہرین ہلاک ہوگئے جن میں سے ایک شخص بغداد اوردوسرا جنوبی شہر نصیریا میں مارا گیا۔

عرب میڈیا کے مطابق عراق میں گزشتہ سال اکتوبر سے جاری حکومت مخالف مظاہروں میں اب تک 500 سے زائد مظاہرین ہلاک ہوچکے ہیں۔

مظاہرین عراقی حکومت کو کرپٹ قرار دیتے ہوئے اس کے خاتمے اور عراقی پالیسیز میں بیرونی مداخلت روکنے کا مطالبہ کررہے ہیں۔


اپنا تبصرہ لکھیں