پاکستان کی معروف اداکارہ بشریٰ انصاری 1978 سے شوبز انڈسٹری کا حصہ ہیں اور طویل عرصے سے انڈسٹری پر راج کررہی ہیں۔
کام کے حوالے سے تو اداکارہ و گلوکارہ ہمیشہ بات کرتی نظر آئیں البتہ ذاتی زندگی سے متعلق وہ زیادہ تر خاتوش ہی نظر آئیں۔
تاہم بشریٰ انصاری نے اب پہلی مرتبہ اپنی طلاق کے حوالے سے ایک انٹرویو میں کھل کر بات کی۔
بول نائٹس ود احسن خان شو میں بشریٰ انصاری نے اپنی طلاق کے سوال پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ وہ کسی انٹرویو میں اس حوالے سے بات کرنے سے گریز ہی کرتی ہیں۔
ایک موقع پر احسن خان نے بشریٰ انصاری سے سوال کیا کہ وہ اپنی طلاق کے حوالے سے کھل کر بات کیوں نہیں کرتیں؟ اس پر اداکارہ کا کہنا تھا کہ ‘اصل میں میری طلاق ہوئے بہت سال گزر چکے ہیں’۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ‘میری دوست روبینہ اشرف، ثمینہ احمد، صبا حمید اور عظمٰی گیلانی ہم سب کی ایک مثبت پہچان بنی ہوئی ہے، ہم اپنے بچوں کے ساتھ ایک بہترین زندگی گزار رہے ہیں، ساتھ ساتھ شوبز کا حصہ بھی بنے رہے، ہم لوگوں کے آگے ایک اچھی خاندانی زندگی گزار رہے ہیں’۔
بشریٰ انصاری کے مطابق ‘لیکن جب ہماری زندگیوں میں کوئی مسائل پیش آیا تو مجھے لگتا ہے کہ لوگ کافی مایوس ہوجاتے ہیں، مجھے پسند نہیں اس قسم کی باتیں پبلک میں کروں، مثال کے طور پر جب جمال شاہ اور فریال، یا پھر طاہرہ سعید اور نعیم بخاری جیسے جوڑوں میں علیحدگی ہوئی تو اس خبر نے ان کے مداحوں کا بھی دل توڑ دیا’۔
اداکارہ نے کہا کہ ‘اصل میں لوگ نہیں جانتے کہ ایک جوڑے کے درمیان اصل مسائل کیا پیش آئے ہوں گے، ایسا نہیں ہے کہ اس صورتحال کا سامنا صرف اداکاروں کو ہوتا ہے بلکہ بینکرز، ڈاکٹرز سب کے ساتھ اس قسم کے مسائل پیش آتے ہیں، اس لیے مجھے لگتا ہے کہ جب کسی کے ساتھ ایسے مسائل ہوں تو یہ ضروری نہیں کہ پوری قوم کو اس کے بارے میں بتایا جائے’۔
یاد رہے کہ 1978 میں بشریٰ انصاری کی شادی اقبال انصاری کے ساتھ ہوئی تھی۔