پاکستان شوبز انڈسٹری کی سینئر اداکارہ بشریٰ انصاری نے بھی وہاج علی کی بہترین شخصیت اور زبردست اداکاری کی تعریف کردی۔
بشریٰ انصاری نے حال ہی میں ایک ویب شو میں بطور مہمان شرکت کی جہاں اُنہوں نے مختلف موضوعات پر گفتگو کی۔
اُنہوں نے انٹرویو کے دوران جیو ٹی وی کے ڈرامہ سیریل’تیرے بن‘ کی شہرت کے بارے میں بات کرتے ہوئے بتایا کہ میں نے وہاج علی کو فون کرکے پوچھا کے بیٹا تمہاری بیوی اتنی شہرت دیکھ کر گھبرا تو نہیں گئی؟
اُنہوں نے بتایا کہ وہاج علی نے میری بات کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ بیوی تو نہیں گھبرائی لیکن میں گھبرا گیا ہوں اور میری امّی اس بات پر بہت خوش ہیں کہ میں آپ (بشریٰ انصاری) کے ساتھ کام کر رہا ہوں۔
اُنہوں نے مزید بتایا کہ میں نے وہاج علی کو کہا کہ ماشاءاللّٰہ جو شہرت تمہیں ملی ہے اس کا مزہ لو کیونکہ اللّٰہ ہر کسی کو اتنے اچھے وقت سے نہیں نوازتے۔
بشریٰ انصاری نے وہاج علی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ بہت ہی سلجھا ہوا تمیز والا بچہ ہے۔
اُنہوں نے وہاج علی کے علاوہ اپنے ساتھ ڈرامے کی کاسٹ میں شامل یمنیٰ زیدی اور سبینہ فاروق کی بھی تعریف کی۔
اُنہوں نے کہا کہ یمنیٰ زیدی کی شخصیت میں بہت مٹھاس ہے جبکہ سبینہ بہت ہی سمجھدار اور دلچسپ طبیعت والی بچی ہے۔
بشریٰ انصاری نے بتایا کہ سبینہ کا ڈرامے میں کردار کیونکہ منفی ہے تو کچھ ایسے سین ہوتے تھے جن کی شوٹنگ کے دوران اسے اعتراض ہوتا تھا تو وہ کہتی تھی کہ میرا تعلق ایک اچھے سلجھے ہوئے خاندان سے ہے، میں یہ اس طرح کے سین نہیں کروں گی۔