لندن: برطانوی حکمراں جماعت بریگزٹ ڈیل دارالامرا سے منظور کرانے میں ناکام ہوگئی جب کہ دارالعوام میں یورپی یونین سے علیحدگی کے معاہدے پر ووٹنگ آج ہوگی۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق برطانیہ کے دارلامرا میں بریگزٹ ڈیل کے حق میں 152 اراکین نے ووٹ دیا جس کے مقابلے میں 321 اراکین نے مخالفت میں ووٹ دیتے ہوئے یورپی یونین سے علیحدگی کے معاہدے کو مسترد کردیا۔
دوسرے مرحلے میں بریگزٹ ڈیل پر آج دارالعوام میں ووٹنگ ہوگی جس سے متعلق کہا جارہا ہے کہ لیبر پارٹی اور دیگر اپوزیشن جماعتوں کے علاوہ 100 کنزرویٹو اراکین بھی ڈیل کے خلاف ووٹ دیں گے۔
ٹریزامے حکومت کی جانب سے یورپی یونین سے علیحدگی کا معاہدہ پارلیمنٹ سے منظور نہ ہونے کی صورت میں حکومت کو تین دن میں پلان ‘بی’ پیش کرنا ہوگا۔
اپوزیشن لیبر لیڈر جریمی کوربن کا کہنا ہے کہ حکومت کو بریگزٹ پر ذلت آمیز شکست ہوگی اور اب تک وزیراعظم ٹریزامے مکمل طور پر ناکام رہی ہیں۔
دوسری جانب وزیراعظم ٹریزامے کی جانب سے مسلسل ارکان پارلیمنٹ سے بریگزٹ ڈیل پر نظر ثانی کی اپیل کی جارہی ہے۔
وزیراعظم ٹریزامے نے کہا کہ ڈیل کی مخالفت کرنے والے عوام کو نیچا دکھانے کا خطرہ مول نہ لیں، اگر یورپی یونین سے علیحدگی کا معاہدہ مسترد ہوا تو شاید معاہدے کے بغیر ہی یورپی یونین سے نکلنا پڑ جائے یا پھر یوریی یونین سے علیحدگی ہی نہ ہو پائے۔
یاد رہے کہ برطانیہ کو یورپی یونین سے آئندہ برس 19 مارچ کو باضابطہ الگ ہونا ہے۔
برطانیہ میں یورپی یونین میں رہنے یا اس سے نکل جانے کے حوالے سے 23 جون 2017 کو ریفرنڈم ہوا تھا جس میں بریگزٹ کے حق میں 52 جبکہ مخالفت میں 48 فیصد ووٹ پڑے جس کے بعد اس وقت کے وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون کو عہدے سے استعفیٰ دینا پڑا، کیوں کہ وہ بریگزٹ کے مخالف تھے۔
واضح رہے کہ برطانیہ نے 1973 میں یورپین اکنامک کمیونٹی میں شمولیت اختیار کی تھی تاہم برطانیہ میں بعض حلقے مسلسل اس بات کی شکایات کرتے رہے ہیں کہ آزادانہ تجارت کے لیے قائم ہونے والی کمیونٹی کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کیا جارہا ہے جس کی وجہ سے رکن ممالک کی ملکی خودمختاری کو نقصان پہنچتا ہے۔