مشہور زمانہ امریکی اداکارہ اینجلینا جولی کی اداکارہ بریڈ پٹ سے طلاق کو 3 سال سے زیادہ کا وقت گزر چکا ہے تاہم وہ اس تجربے کی تلخ یادوں کو اب تک نہیں بھولی۔
یو ایس ویکلی کی رپورٹ کے مطابق اینجلینا جولی ہمیشہ سے ہی بریڈ پٹ کو ان کے بچوں کی زندگی تباہ کرنے کا ذمہ دار سمجھتی ہیں اور اب ایک نئے انکشاف کے مطابق وہ کبھی بھی بریڈ پٹ سے شادی کرنے کی خواہشمند تھی ہی نہیں۔
اداکارہ سے قریبی ذرائع نے میڈیا کو بتایا کہ اینجلینا جولی کو اس شادی کے ٹوٹنے کا زیادہ افسوس اس بات کا ہے کہ وہ خود کبھی بریڈ پٹ سے شادی کرنا نہیں چاہتی تھی۔
ذرائع کے مطابق اینجلینا جولی کا ماننا ہے کہ بریڈ پٹ نے ان پر شادی کرنے کے لیے زور دیا، تاہم اس شادی کے اتنے برے نتیجے کے بعد اب انہوں نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ زندگی میں کبھی شادی نہیں کریں گی۔
اینجلینا جولی کے مطابق بریڈ پٹ کے رویے سے صرف ان کی ہی نہیں ان کے بچوں کی بھی زندگی بہت زیادہ متاثر ہوئی ہے۔
میڈیا سے بات کرتے ہوئے اینجلینا جولی کا کہنا تھا کہ ‘میں اپنے بچوں کو لےکر کسی دوسرے ممالک رہنا چاہتی تھی، تاہم میں یہ بھی نہیں کرسکتی، کیوں کہ اس وقت میں وہیں رہنے پر مجبور ہوں جہاں میرے بچوں کے والد زندگی گزار رہے ہیں’۔
اداکارہ کا یہ بھی کہنا تھا کہ ان کے اور بریڈ پٹ کے درمیان بچوں کو لے کر بہت جھگڑے ہوئے۔
اینجلینا جولی کے مطابق ‘بریڈ ایک ہی جگہ رہنا چاہتے تھے تاکہ بچوں کی زندگی میں توازن برقرار رہے تاہم میری ہمیشہ سے یہی خواہش تھی کہ بچوں کو دوسرے ممالک لےکر جایا جائے تاکہ وہ مختلف زبانیں سیکھ سکیں اور نئے تجربے حاصل کرسکیں’۔
یاد رہے کہ اینجلینا جولی اور براڈ پٹ نے 2014 میں شادی کی تھی، تاہم ان دونوں کے درمیان تعلقات 2005 میں استوار ہوئے تھے۔
جوڑے نے 6 بچوں کو گود بھی لیا تھا اور ان میں طلاق بھی بچوں کو وقت نہ دینے اور مبینہ طور پر براڈ پٹ کی جانب سے انہیں تشدد کا نشانہ بنانے پر ہوئی تھی۔
55 سالہ براڈ پٹ کے اینجلینا جولی سے قبل جینفر آنسٹن سے تعلقات تھے، ان دونوں کے درمیان 1998 میں تعلقات استوار ہوئے، جس کے 2 سال بعد 2000 میں دونوں نے شادی کی تھی۔
ان کی شادی محض 5 سال ہی چل سکی، اور دونوں نے جنوری 2005 میں علیحدگی اختیار کرلی، جس کے بعد اسی سال اکتوبر میں دونوں کی طلاق ہوگئی۔