معروف امریکی گلوکارہ برٹنی اسپیئرز نے سیم اصغری کے ساتھ اپنی تیسری شادی پر ناخوش ہونے کے بارے میں میڈیا پر گردش کرنے والی تمام خبروں کی تردید کردی ہے۔
برٹنی اسپیئرز نے دستاویزی فلم ’برٹنی اسپیئرز: دی پرائس آف فریڈم‘ کی ریلیز کے بعد اپنی شادی سے متعلق اُڑنے والی تمام تر خبروں کی تردید کرنے کے لیے اور اپنے مداحوں کو انسٹاگرام پر اس بات سے آگاہ کیا ہے کہ ان کے شوہر سیم اصغری اُنہیں اپنی خواہش کے مطابق ہر کام کرنے دیتے ہیں۔
اُنہوں نے اپنی انسٹا پوسٹ میں لکھا کہ’میں اس مہینے کے بارے میں بہت پرجوش ہوں کیونکہ میں اپنے گھر میں 3 کمروں کو دوبارہ بنا رہی ہوں!!‘
اُنہوں نے لکھا کہ ’میں دراصل خود اپنے گھر کے کمروں کو سفید پینٹ کرنے جارہی ہوں!!‘
اُنہوں نے مزید لکھا کہ’میں نے پہلے کبھی پینٹ نہیں کیا ہے اس لیے میں بہت پرجوش ہوں، میرے شوہر نے مجھے آزادی سے اپنی مرضی سے کام کرنے کی اجازت دی ہے کہ میں جو چاہوں کرسکتی ہوں!!‘
برٹنی اسپیئرز نے لکھا کہ ’میری دوست نے بھی ابھی اپنا باتھ روم دوبارہ پینٹ کیا ہے اور وہ بہت خوبصورت ہے!!‘
اُنہوں نے لکھا کہ’ٹھیک ہے شاید میں اس سے مقابلہ کررہی ہوں لیکن اس نے واقعی مجھے متاثر کیا ہے!!‘
اُنہوں نے اپنی پوسٹ کے آخر میں اپنے مداحوں کو پیغام دیا کہ اگر وہ آج کل سوشل میڈیا پر ایکٹو نظر نہیں آتی ہیں تو زیادہ فکر مند نہ ہوں کیونکہ وہ ابھی اپنے گھر کو پینٹ کر رہی ہیں۔