برطانوی شاہی جوڑے کا شاہی حیثیت چھوڑنے کا اعلان


برطانوی شاہی خاندان کے شہزادہ ہیری اور ان کی اہلیہ میگھن مارکل نے شاہی حیثیت کو چھوڑنے کا اعلان کرتے ہوئے ملکہ برطانیہ سمیت پوری دنیا کو حیران کردیا۔

برطانوی خبررساں ادارے رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق شاہی جوڑے نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ اپنا زیادہ سے زیادہ وقت اب شمالی امریکا میں گزاریں گے اور خودمختار ہونے کے لیے اقدامات اٹھائیں گے۔

مزید پڑھیں: حمل سے متعلق میڈیا کوریج پر پریشانی ہوئی، میگھن مارکل

واضح رہے کہ گزشتہ سال شہزادہ ہیری اور میگھن کے لیے کافی سخت ثابت ہوا کیوں کہ بڑے بھائی شہزادہ ولیم کے ساتھ اختلافات سمیت میڈیا میں کئی اور متنازع خبریں بھی سامنے آئیں اور یہی وجہ ہے کہ شہزادہ ہیری نے اعلان کیا کہ وہ کچھ شاہی فرائض جاری رکھیں گے البتہ مالی طور پر آزاد ہونے کے بعد نیا خیراتی ادارہ شروع کریں گے۔

شاہی جوڑے نے اپنی ویب سائٹ اور انسٹاگرام پر جاری اپنے بیان میں اعلان کیا کہ ‘کئی ماہ تک غور و فکر اور باہمی تبادلے کے بعد یہ فیصلہ کیا کہ ہم شاہی حیثیت سے دستبردار ہو رہے ہیں۔

انہوں نے مزید لکھا کہ ‘ہم دونوں مالی طور پر خود مختار ہونے کا ارادہ رکھتے ہیں تاہم ہم ملکہ برطانیہ کی مکمل معاونت اور حمایت جاری رکھیں گے’۔

اپنے بیان مین شاہی جوڑے نے لکھا کہ وہ برطانیہ اور شمالی امریکا میں اپنا وقت گزارنے کا ارادہ رکھتے ہیں تاہم وہ ‘ملکہ برطانیہ، دولت مشترکہ اور شاہی خاندان کی سرپرستی میں اپنے فرائض کی انجام دہی اور ان کا احترام کرتے رہیں گے’۔

فوٹو: اے ایف پی
فوٹو: اے ایف پی

بیان میں مزید بتایا گیا کہ ’یہ جغرافیائی توازن ہمیں اپنی شاہی روایت کی تعریف کے ساتھ اپنے بیٹے کی پرورش کرنے کے قابل بنائے گا جس میں وہ پیدا ہوا تھا اور ساتھ ہی ہمارے اہل خانہ کو اگلے باب پر توجہ مرکوز کرنے کا موقع فراہم کرے گا جس میں ہمارے نئے خیراتی ادارے کا آغاز بھی شامل ہے۔‘

واضح رہے کہ گزشتہ سال اکتوبر میں شہزادہ ہیری نے اپنے بڑے بھائی شہزادہ ولیم سے اختلافات کا اعتراف بھی کیا تھا۔

دوسری جانب بکنگھم پیلس سے جاری ایک بیان میں کہا گیا کہ ‘ڈیوک اور ڈچز کے ساتھ ان کی شاہی حیثیت سے دستبرداری کے فیصلے پر بات چیت ابتدائی مرحلے میں تھی، ہم ان کے مختلف انداز اختیار کرنے کی خواہش کو سمجھتے ہیں لیکن یہ پیچیدہ معاملات ہیں جن پر کام کرنے میں وقت لگے گا‘۔

فوٹو: اے ایف پی
فوٹو: اے ایف پی

ادھر برطانوی خبر رساں ادارے بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق اس بیان سے پہلے ملکہ برطانیہ یا شہزادہ ولیم سمیت کسی شاہی خاندان کے فرد سے مشورہ نہیں کیا گیا تھا اور بکنگھم پیلس اس سے ’مایوس‘ ہے۔

خیال رہے کہ ڈیوک آف سسیکس شہزادہ ہیری اور ڈچز آف سسیکس میگھن مارکل نے مئی 2018 میں شادی کی تھی۔

گزشتہ سال کرسمس کے دوران بھی شاہی جوڑے نے اپنے شاہی فرائض سے 6 ہفتوں کا وقفہ لیا تھا اور کینیڈا میں اپنے بیٹے شہزادہ آرچی کے ساتھ کچھ وقت گزارا تھا۔


اپنا تبصرہ لکھیں