برسبین ٹیسٹ میں پاکستان کو آسٹریلیا کے ہاتھوں اننگز اور 5 رنز سے شکست


برسبین: آسٹریلیا نے پاکستان کو پہلے ٹیسٹ میچ میں اننگز اور 5 رنز سے ہرادیا۔

برسبین میں کھیلے گئے ٹیسٹ میچ کے چوتھے روز پاکستان نے اپنی دوسری نامکمل اننگز دوبارہ شروع کی تو اس کے 3 وکٹوں کے نقصان پر 64 رنز تھے جب کہ کریز پر شان مسعود 27 اور بابر اعظم 20 رنز بناکر موجود تھے، پاکستان کو اننگز کی شکست سے بچنے کے لیے 276 رنز درکار تھے۔

چوتھے دن کھیل کا آغاز ہوا تو پاکستان کو یکے بعد دیگرے 2 وکٹوں کا نقصان اٹھانا پڑا۔ شان مسعود 42 جب کہ افتخار احمد صفر پر پویلین لوٹ گئے۔ اس موقع پر محمد رضوان نے بابر اعظم کے ساتھ مل کر ذمے دارانہ کھیل کا مظاہرہ کیا۔ دونوں نے چھٹی وکٹ کے لیے 132 رنز کی شراکت داری قائم کی۔

226 رنز کے مجموعی اسکور پر نیتھن لیون نے بابر اعظم اور محمد رضوان کی پارٹنر شپ کا خاتمہ کیا، بابر اعظم نے 104 رنز کی اننگز کھیلی۔

جس کے بعد رضوان نے یاسر شاہ کے ساتھ پاکستان کو اننگز کی شکست سے بچانے کے لیے جدوجہد جاری رکھی۔ دونوں نے مل کر ساتویں وکٹ پر 79 رنز کی شراکت قائم کی۔

305 رنز کے مجموعی اسکور پر محمد رضوان اس وقت آؤٹ ہوئے جب وہ اپنی سنچری سے صرف 5 رنز دور تھے، وہ 95 رنز پر نروس نائنٹیز کا شکار ہوئے۔

پاکستان کی آٹھویں وکٹ یاسر شاہ کی صورت میں گری انہوں نے 42 رنز بنائے۔ شاہین شاہ آفریدی 10 جب کہ عمران خان 5 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ اس طرح پوری ٹیم 335 رنز ہی بناسکی اور آسٹریلیا نے اننگز اور 5 رنز سے فتح سمیٹ کر سیریز میں ناقابل شکست برتری حاصل کرلی۔


اپنا تبصرہ لکھیں