’برزخ‘ کی شوٹنگ کے دوران غیر مرئی مخلوق کی موجودگی کا احساس ہوا، فوادخان کا انکشاف

’برزخ‘ کی شوٹنگ کے دوران غیر مرئی مخلوق کی موجودگی کا احساس ہوا، فوادخان کا انکشاف


پاکستان شوبز انڈسٹری کے سُپر اسٹار، دلوں کی دھڑکن، عالمی شہرت یافتہ اداکار فواد خان کا کہنا ہے کہ انہوں نے آنے والی ویب سیریز ’برزخ‘ کی شوٹنگ کے دوران خوفناک سی عجیب وغریب مخلوق کی موجودگی محسوس کی۔

اداکار فواد خان اور ان کی ساتھی اداکارہ صنم سعید ان دنوں اپنی آنے والی ویب سیریز ’برزخ‘ کی تشہیری مہم میں مصروف ہیں اور مختلف ویب اور ٹی وی چینلز کو انٹرویوز دے رہے ہیں۔

حال ہی میں انہوں نے ایک انٹرویو میں ویب سیریز ’برزخ‘ کی شوٹنگ کے دوران پیش آنے والا عجیب و غریب واقعہ شیئر کیا۔

انہوں نے بتایا کہ ہم شوٹنگ کے لیے گلگت بلتستان میں ایک گھر میں موجود تھے۔ ایک روز رات گئے، میں گھر سے باہر نکلا، چاند کی مدھم روشنی میں آسمان، بادل پہاڑ نظر آرہے تھے، مجھے کچھ عجیب وغریب سا احساس ہوا، وہاں چند ایسے کمرے تھے جو خالی تھے، ان میں سے ایک کمرے میں اچانک لائٹ جلنا بجھنا شروع ہوجاتی ہے، اس کے بعد دوسرے کمرے میں بھی ایسا ہی ہوتا۔

انہوں نے کہا کہ مجھے ابتداً لگا کہ شاید بجلی کا کوئی مسئلہ ہے لیکن ایسا تقریباً 4 سے 5 منٹ تک مسلسل ہوتا رہا لیکن وہاں کوئی نظر نہیں آیا۔

اس کے بعد فواد خان نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے مزید بتایا کہ ایسا ہی ایک واقعہ چترال میں بھی شوٹنگ کے دوران پیش آیا تھا، میں باتھ روم میں تھا، جس کی ٹن کی چھت تھی، مجھے محسوس ہوا جیسے اس کی چھت پر کوئی چیز موجود ہے شاید کوئی جانور تھا یا کیا، معلوم نہیں لیکن وہ بہت گہری سانس لے رہا تھا۔

اداکار نے بتایا کہ جس دن مجھے اس مخلوق کی موجودگی کا احساس ہوا تھا اس دن رات کے اوقات میں ہمارے 4 کمروں میں ایک دم چارجرز پھٹ گئے تھے۔


اپنا تبصرہ لکھیں