برائن لارا اپنے بارے میں کورونا پازیٹیو کی خبروں سے گھبرا گئے


 لاہور: 

دنیا کے خطرناک ترین بولرز کے سامنے کبھی نہ گھبرانے والے ویسٹ انڈیز کے سابق کپتان برائن لارا اپنے متعلق کورونا پازیٹیو کی خبروں سے گھبرا گئے۔اپنے بارے میں سامنے والی خبروں کے بعد برائن لارا نے سماجی رابطے کے پلیٹ فارم کا سہارا لیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ مجھے سمجھ نہیں آرہی، ایسی غلط اطلاعات پھیلانے والوں کا کیا مقصد ہے، میرے بارے میں کہا گیا ہے کہ میرا کورونا ٹیسٹ پازیٹیو آیا ہے، جو سراسر غلط ہے۔ ان بے بنیاد اور گمراہ کن خبروں سے پریشانی پیدا کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔

بائیں ہاتھ کے ریکارڈ ساز بلے باز نے کہا کہ یہ ایسی لاپرواہی ہے جس میں غیر ضروری پریشانی پھیلی ہے، ذاتی طور پراس کا افسوس ہوا ہے۔ میری دعا ہے کہ ہم سب کورونا وائرس سے محفوظ رہیں، یہ وائرس ابھی ختم نہیں ہوتا نظر آرہا،ہم سب کو احتیاط کرنا ہوگی۔


اپنا تبصرہ لکھیں