وفاقی بجٹ پیش ہونے کے اگلے ہی روز پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں زبردست تیزی دیکھنے میں آ رہی ہے۔
پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں آج کاروبار کے آغاز سے ہی زبردست تیزی دیکھنے میں آ رہی ہے اور ایک موقع پر پاکستان اسٹاک ایکسچینج 100 انڈیکس 2864 پوائنٹس اضافے کے بعد 75661 پوائنٹس پر ٹریڈ کرتا دیکھا گیا۔
ایم ڈی پاکستان اسٹاک ایکسچینج فرخ ایچ خان نے بجٹ پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم اور وزیر خزانہ کو مشکل معاشی، سیاسی چیلنجز میں متوازن بجٹ پیش کرنے پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ ٹیکس نیٹ میں نئے شعبے آئے ہیں، نان فائلر ٹیکس نیٹ میں نہ آنے کا درد محسوس کرےگا، ٹیکس لینا ضروری اور اس کا استعمال بھی ضروری ہے، بجٹ آئی ایم ایف پروگرام کے حصول کے لئے معاون ہو گا۔
فرخ ایچ خان نے کہا کہ حکومت بنیادی سہولیات دےکر عوام کا معیار زندگی بہتر بنائے، لوگ خوشی سے ٹیکس دیں گے، سی پیک کا فیز ٹو بہت ضروری ہے، بجٹ کا ری ایکشن بہت اچھا ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے 188 کھرب 87 ارب روپے کا بجٹ پیش کیا تھا۔