بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ پر جمرود قبیلے کا انسداد پولیو مہم کے بائیکاٹ کا اعلان

بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ پر جمرود قبیلے کا انسداد پولیو مہم کے بائیکاٹ کا اعلان


جمرود میں قبائلی عمائدین نے بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ کے خلاف احتجاج میں پولیو سے حفاظت کے قطرے پلانے کی جاری مہم کے بائیکاٹ کا اعلان کردیا۔

پاکستان تحریک انصاف کے کارکنوں نے بجلی کی طویل بندش کے خلاف باڑہ میں مظاہرہ کیا۔

کوکی خیل قبیلے کے عمائدین نے الزام لگایا کہ مقامی گرڈ اسٹیشن کے عملے کی جانب سے روزانہ 6 گھنٹے بجلی فراہم کرنے کی یقین دہانی کے باوجود انہیں روزانہ 20 گھنٹے سے زائد بجلی کی بندش کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

پولیو مہم کے بائیکاٹ کا اعلان کرتے ہوئے انہوں نے یہ دھمکی بھی دی کہ اگر انہیں وعدے کے مطابق مقررہ گھنٹوں تک بجلی فراہم نہ کی گئی تو جمرود گرڈ اسٹیشن کو زبردستی بند کر دیں گے۔

باڑہ سے پی ٹی آئی کے سابق رکن قومی اسمبلی اقبال آفریدی نے احتجاجی مظاہرے کے دوران کہا کہ بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ اور کم وولٹیج کی وجہ سے مقامی باشندوں کو متعدد مسائل کا سامنا ہے۔

انہوں نے دھمکی دی کہ اگر لوڈشیڈنگ کا سابقہ شیڈول بحال نہ کیا گیا تو پشاور کے علاقوں متانی اور حیات آباد کی بجلی بند کر دی جائے گی۔

ٹرائبل ایریاز الیکٹرسٹی سپلائی کمپنی نے دسمبر میں اعلان کیا تھا کہ وہ ضم شدہ اضلاع کو مزید مفت بجلی فراہم نہیں کر سکے گی اور اس وقت تک تقریباً 22 گھنٹے لوڈشیڈنگ کا سہارا لے گی جب تک کہ علاقے کے مکین اپنے گھروں میں بجلی کے ڈیجیٹل میٹر لگانے پر راضی نہیں ہو جاتے۔

اس اعلان کے بعد خیبر میں کچھ پرتشدد مظاہروں کے بعد مشتعل افراد نے مقامی گرڈ اسٹیشنز پر دھاوا بول دیا تھا اور پورے ضلع کو بجلی کی سپلائی زبردستی معطل کر دی تھی۔


اپنا تبصرہ لکھیں