‘بتائیں کیا آپ کو ووٹ دینےکافیصلہ درست تھا؟’ شوبز ستارے عمران خان سے ناراض


وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے جہاں اپوزیشن کی جانب سے ان پر تنقید کی جا رہی ہے تو وہیں اب شوبز شخصیات نے بھی برہمی کا اظہار کیا ہے۔

پاکستانی ڈرامہ اور فلم انڈسٹری کے اداکار و میزبان فہد مصطفیٰ نے مائیکرو بلاگنگ سائٹ پر حال ہی میں ایک ٹوئٹ کیا جس میں انہوں نےوزیر اعظم سے سوال کیا کہ “مجھے بتائیں کہ کیا میں نے آپ کو ووٹ دے کرصحیح فیصلہ کیا تھا؟”

فہد مصطفیٰ نے وزیر اعظم عمران خان کو اپنے ٹوئٹ میں ٹیگ کرتے ہوئے کہا کہ ‘سر میں جانتا ہوں کہ ملک چلانا آسان نہیں ہوتا، جب آپ اپوزیشن میں تھے تو ہمیں مستقل یہ بتاتے رہے کہ یہ کوئی راکٹ سائنس نہیں ہے، مجھے بتائیں کہ کیا میں نے آپ کو ووٹ دے کرصحیح فیصلہ کیا تھا؟’

دوسری جانب اداکار اعجاز اسلم نے بھی پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے کے حوالے سے ٹوئٹ کیا اور کہا کہ ‘پیٹرول مافیا، پانی مافیا، بجلی مافیا، کرنسی میں کمی، کورونا بحران، شوگر مافیا، آٹا مافیا ، بے روزگاری، غربت اور اس کے علاوہ بہت کچھ۔۔۔۔تباہ کن 2 سال، چلیں دیکھتے ہیں مزید کیا کچھ آتا ہے”۔

اداکار ہارون شاہد نے بھی اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ پیٹرول پمپس اور کمپنیاں جانتی تھیں کہ یہ ہوگا اسی لیے انہوں نے ذخیرہ اندوزی کی تھی۔

اداکار نے وزیر اعظم عمران خان کو ٹیگ کرتے ہوئے مزید کہا کہ اس کا مطلب یہ ہے کہ جب پیٹرول کی قیمت 74 تھی تو حکومت اس کی ترسیل میں ناکام تھی، ہمیں جواب چاہیے۔

اس حوالے سے وینا ملک نے بھی ٹوئٹ کیا اور لکھا کہ ‘خان صاحب عوام پوچھ رہی ہے کہ اب تھوڑا گھبرا لیں؟’۔

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں وزیراعظم عمران خان نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی سمری منظور کرلی جس کے بعد وزارت خزانہ نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔

پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 25 روپے فی لیٹر تک اضافہ کردیا گیا ہے۔


اپنا تبصرہ لکھیں