ببیتا پھوگٹ کے موازنے پر زائرہ وسیم کا جواب


بھارتی ریسلر اور سیاست دان ببیتا پھوگٹ نے حال ہی میں سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر تبلیغی جماعت سے تعلق رکھنے والے افراد کے حوالے سے متنازع ٹوئٹس کیں جس کے بعد انہیں شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔

اپنی متنازع ٹوئٹ میں ببیتا نے لکھا تھا کہ بھارت میں مسلمان کورونا سے زیادہ بڑا مسئلہ ہیں۔

ان کی اس ٹوئٹ کے بعد سسپینڈ ببیتا پھوگٹ نامی ٹرینڈ سامنے آگیا جسے استعمال کرتے ہوئے صارفین نے ببیتا کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔

لوگوں نے ٹوئٹر انتظامیہ سے ان کے اکاؤنٹ کو معطل کرنے کی درخواست بھی کی۔

اس کے علاوہ ان کے چند سپورٹرز نے آئی سپورٹ ببیتا پھوگٹ کا ہیش ٹیگ بھی بنالیا۔

بعدازاں 2019 میں بھارتی انتہا پسند تنظیم بھارتیہ جتنا پارٹی کا حصہ بننے والی ببیتا نے ایک ویڈیو میں بتایا کہ انہیں متنازع ٹوئٹس کے بعد دھمکیاں موصول ہونا شروع ہوگئیں۔

ببیتا نے اپنا موازنہ سابق بولی وڈ اداکارہ زائرہ وسیم سے کرتے ہوئے کہا کہ دھمکیاں ملنے کے باوجود وہ کسی سے خوفزدہ نہیں۔

انہوں نے کہا کہ ’میں نے تبلیغی جماعت کے حوالے سے چند ٹوئٹس کی جس کے بعد مجھے دھمکیاں ملنا شروع ہوگئیں، میں سب کو یہ بتادوں کہ میں کوئی زائرہ وسیم نہیں، میں ایسے لوگوں سے خوفزدہ نہیں ہوتی‘۔

بعدازاں زائرہ وسیم نے بھی اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر ایک ٹوئٹ شیئر کی جس میں انہوں نے لوگوں سے درخواست کی کہ وہ ان کی تعریف نہ کریں، زائرہ نے اپنی پوسٹ میں ببیتا پھوگٹ کا نام تو نہیں لیا البتہ اپنے بارے میں کہا کہ وہ ایسی نہیں کہ لوگ انہیں صحیح سمجھ کر فالو کریں۔

اپنی ٹوئٹ میں زائرہ وسیم نے لکھا کہ ’جو میری تعریف ہورہی یہ میرے لیے کسی ٹیسٹ سے کم نہیں، کیوں کہ میری نظر میں یہ میرے ایمان کے لیے خطرناک ہے، میں اتنی صحیح نہیں کہ لوگ مجھے فالو کریں، لوگ میری تعریف کرنا بند کریں اور اللہ سے دعا مانگیں کہ میرا ایمان مزید بہتر ہو‘۔

زائرہ وسیم نے اپنی بولی وڈ فلم ’دنگل‘ میں ببیتا پھوگٹ کا کردار ہی نبھایا تھا، جن کی اداکاری کو بےحد سراہا بھی گیا۔

خیال رہے کہ مقبوضہ کشمیر سے تعلق رکھنے والی اداکارہ زائرہ وسیم نے گزشتہ برس جولائی میں اداکاری چھوڑنے کا اعلان کرکے سب کو حیران کردیا تھا۔

زائرہ وسیم نے مذہب کی خاطر اداکاری چھوڑنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ اداکاری کرنے کی وجہ سے ان کا ایمان متاثر ہو رہا تھا اور انہیں احساس ہونے لگا ہے کہ وہ ان کاموں کے لیے نہیں بنیں۔

زائرہ وسیم نے عامر خان کی فلم ’دنگل‘ سے شہرت حاصل کی تھی جس کے بعد ان کی فلم ’سیکرٹ سپراسٹار‘ سامنے آئی۔

زائرہ وسیم آخری بار فلم ’اسکائے از پنک‘ میں کام کرتی نظر آئیں اور اداکارہ کے مطابق یہ ان کے کیریئر کی آخری فلم تھی۔


اپنا تبصرہ لکھیں