پاکستانی نژاز برطانوی باکسر عامر خان کی قیمتی گھڑی چھیننے والے 3 ملزمان کو عدالت میں پیش کردیا گیا ہے۔
سابق عالمی باکسنگ چیمپئن اور پاکستانی نژاد باکسرعامر خان کو مشرقی لندن کی ایک سڑک پر بندوق کی نوک پر 72 ہزار پاؤنڈ کی گھڑی سے محروم کردیا گیا تھا۔
اس کیس میں پولیس نے تین افراد کو عدالت میں پیش کیا ہے جس میں 25 سالہ احمد بانا، 24 سالہ نورالامین اور شمالی لندن کے 20 سالہ ڈینٹ کیمبل شامل ہیں، ان ملزمان پر ٹیمز مجسٹریٹ کی عدالت میں ڈکیتی کی سازش کا الزام ہے۔
ملزمان کو ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا ہے جبکہ مزید سماعت 25 جولائی کو اسنیئر بروکس کراؤن کورٹ میں ہوگی۔
سماعت کے دوران عدالت کو بتایا گیا کہ جب عامر خان ہائی روڈ پر واقع مقام سے نکلے تو ایک کار سڑک پر آگئی جس میں بیٹھے تین افراد نے عامر خان کے سر پر گن رکھ کر انہیں گھڑی سے محروم کردیا تھا۔
واضح رہے کہ 35 سالہ عامرخان سے اپریل کے مہینے میں ریسٹورنٹ سے نکلنے کے بعد گن پوائنٹ پرفرینک مولر گھڑی چھین لی گئی تھی جس کی مالیت 72 ہزار پاؤنڈ بتائی جارہی ہے جبکہ اس موقع پر ان کے ہمراہ اہلیہ فریال مخدوم اور ایک دوست بھی موجود تھے۔