بالی وڈ اداکار شاہ رخ خان بھی ہندو انتہا پسندوں کی تنقید کے بعد پاکستان مخالف پروپیگنڈا فلمیں پروڈیوس کرنے لگے۔
بالی وڈ اداکار شاہ رخ خان کا فلمی کیرئیر زوال کا شکار ہے اور کئی برسوں سے ان کی کوئی بھی فلم سلور اسکرین پر خاطر خواہ کامیابی حاصل نہیں کرسکی ہے۔
شاہ رخ خان فلموں میں اداکاری کے ساتھ ساتھ پروڈیوسر بھی ہیں اور اپنے ریڈ چلیز انٹرٹینمنٹ پروڈکشن ہاؤس کے بینر تلے کئی فلمیں بناچکے ہیں۔
بھارتی اداکار کے پروڈکشن ہاؤس کے بینر تلے ’نیٹ فلیکس‘ کی ویب سیریز ’بارڈ آف بلڈ‘ بنائی گئی ہے جو بھارتی ایجنٹ کی زندگی پر مبنی ہے۔
اس سیریز میں نہ صرف پاکستان بلکہ مسلمانوں کے خلاف بھی پروپیگنڈا کیا گیا ہے اور اس میں مرکزی کردار اداکار عمران ہاشمی نے کیا ہے۔
خیال رہے کہ چند سال قبل شاہ رخ خان نے بھارت میں بڑھتی ہوئی ہندو انتہاپسندی پر بیان دیا تھا جس کے بعد انہیں کافی تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا اور انہیں ملک سے نکل جانے کی دھمکیاں دی گئیں تھیں۔
شاہ رخ خان نے ویب سیریز کا ٹریلر اپنے اکاؤنٹ سے ٹوئٹ کیا جس پر انہیں مداحوں کی جانب سے تنقید کا نشانہ بھی بنایا گیا۔ کئی ٹوئٹر صارفین نے فلم میں مسلمانوں کو دہشت گرد دکھانے پر انہیں آڑے ہاتھوں لیا۔
بالی وڈ اداکار خود بھی اس ویب سیریز کی تشہیر میں مصروف ہیں اور سیریز کے مرکزی کردار عمران ہاشمی کے ساتھ اس کی تشہیر کررہے ہیں۔