لکھنؤ: بالی ووڈ گلوکارہ کنیکا کپور بھی کورونا وائرس کا شکار ہوگئیں۔
’بے بی ڈول‘، ’بیٹ پہ بوٹی‘ اور’امبرسریا‘ جیسے سپر ہٹ گانے گانے والی بالی ووڈ گلوکارہ کنیکا کپور نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر تصدیق کی ہے کہ ان کا لکھنو میں کوویڈ-19 کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔ گلوکارہ نے بتایا کہ گزشتہ 4 روز سے ان میں فلو کی علامات ظاہر ہورہی تھیں لہذا انہوں نے کورونا وائرس کا ٹیسٹ کروایا جو مثبت آیا۔
گلوکارہ نے مزید بتایا کہ کورونا کا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد انہوں نے خود کو گھر والوں کے ساتھ مکمل طور پر قرنطینہ یعنی الگ تھلگ کرلیا ہے اس کے علاوہ وہ طبی مشورے پر عمل کررہی ہیں کہ کورونا کا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد اب آگے انہیں کیا کرنا ہے۔
کنیکا کپور نے کہا کہ جب وہ 10 روز قبل اپنے گھر واپس آرہی تھیں تو ایئرپورٹ پر انہیں معمول کے طریقہ کار کے مطابق اسکین کیا گیا تھا لیکن کورونا کی علامات محض 4 روز پہلے ظاہر ہوئیں۔
کنیکا کپور نے تمام لوگوں سے خود کو قرنطینہ میں رکھنے کی درخواست کی اور کہا کہ اگر آپ لوگوں میں کورونا کی علامات ظاہر ہورہی ہیں تو فوراً جا کر اپنا ٹیسٹ کروائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ میں اس وقت بہتر محسوس کررہی ہوں اور یہ بالکل عام زکام جیسا ہے جب کہ مجھے ہلکا سا بخار بھی ہے۔ بہرحال ہمیں اس وقت ایک باشعور شہری ہونے کا ثبوت دیتے ہوئے اپنے آس پاس کے لوگوں کے بارے میں سوچنے کی ضرورت ہے۔
کنیکا کپور نے اپنی پوسٹ کے آخر میں کہا کہ ہم سب اس صورتحال سے بغیر افراتفری اور خوف و ہراس کے صرف اسی صورت میں باہر آسکتے ہیں اگر ہم ماہرین اور اپنی مقامی، ریاستی اور مرکزی حکومت کی ہدایات کو سنیں۔ اس کے ساتھ انہوں نے تمام لوگوں کو اپنا خیال رکھنے کی تاکید کی۔