بالی ووڈ کی کامیاب جوڑی عالیہ بھٹ اور رنبیر کپور میں زیادہ امیر کون؟


 ممبئی: بالی ووڈ کی اسٹار جوڑی عالیہ بھٹ اور رنبیر کپور کے کُل اثاثوں اور قیمتی گاڑیوں کی تفصیلات سامنے آگئیں۔

عالیہ بھٹ اور رنبیر کپور کا شمار بالی ووڈ کے امیر ترین اور سب سے زیادہ پسند کیے جانے والے جوڑوں میں ہوتا ہے، دونوں اسٹارز نے شادی سے قبل طویل عرصے تک ایک دوسرے کو ڈیٹ کیا تھا۔

عالیہ بھٹ تو کئی بار یہ بات بھی کہہ چکی ہیں کہ وہ بچپن سے ہی رنبیر کپور کو پسند کرتی تھیں، اس جوڑی نے سال 2022 میں شادی کی اور اب یہ دونوں ایک بیٹی کے والدین بھی ہیں۔

اگرچہ عالیہ بھٹ اور رنبیر کپور کا خاندان گزشتہ کئی دہائیوں سے بالی ووڈ پر راج کررہا ہے لیکن اس کے باوجود دونوں اداکاروں نے اپنا کیریئر بنانے کے لیے محنت کی۔

اس جوڑی کے مداح شاید ہی یہ راز جانتے ہوں گے کہ عالیہ اور رنبیر میں زیادہ امیر کون ہے، اس حوالے سے بھارتی میڈیا نے ایک رپورٹ شائع کی ہے۔

بھارتی میڈیا کی جانب سے شائع کی گئی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ رنبیر کپور اور عالیہ بھٹ کے مجموعی اثاثوں کی مالیت 885 کروڑ بھارتی روپے ہے۔

رپورٹ کے مطابق عالیہ بھٹ کے کُل اثاثوں کی مالیت 520 کروڑ بھارتی روپے ہے جبکہ رنبیر کپور کے اثاثوں کی مالیت 365 کروڑ بھارتی روپے ہے۔

اس رپورٹ کے حساب سے عالیہ بھٹ اپنے شوہر سے زیادہ امیر ہیں، اداکارہ ممبئی میں کئی جائیدادوں کی مالک بھی ہیں۔

عالیہ کا اپنا ذاتی پروڈکشن ہاؤس اور کپڑوں کا ایک برانڈ بھی ہے جبکہ عالیہ اور رنبیر کی مجموعی کار کلیکشن میں 11 مہنگی ترین گاڑیاں شامل ہیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق اس وقت رنبیر کپور اور عالیہ بھٹ واسطو نامی ایک عالیشان اپارٹمنٹ میں مقیم ہیں جس کی قیمت 35 کروڑ بھارتی روپے ہے۔

اس جوڑی کا نیا گھر بھی زیرِ تعمیر ہے جس کی قیمت 250 کروڑ بھارتی روپے بتائی جارہی ہے، عالیہ اور رنبیر بہت جلد اپنی بیٹی کے ہمراہ اس نئے گھر میں منتقل ہوجائیں گے۔

عالیہ بھٹ اور رنبیر کپور کی دولت کی وجہ سے اُن کی بیٹی راہا کپور بھی بالی ووڈ کے امیر ترین بچوں میں شامل ہوگئی ہیں۔


اپنا تبصرہ لکھیں