بالی ووڈ فلم ‘لاپتہ لیڈیز’ کی آسکر ایوارڈز میں انٹری


 ممبئی: بالی ووڈ اسٹار عامر خان کی سابقہ اہلیہ کرن راؤ کی ہدایتکاری میں بننے والی فلم ‘لاپتہ لیڈیز’ نے بڑا اعزاز اپنے نام کرلیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق فلم فیڈریشن آف انڈیا نے اعلان کیا کہ فلم ‘لاپتہ لیڈیز’ کو آسکر ایوارڈز 2025 میں انٹرنینشل فلم کیٹیگری کے لیے نامزد کیا گیا ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ عامر خان کی پروڈکشن میں بننے والی فلم ‘لاپتہ لیڈیز’ کو 12 ہندی فلموں، 6 تامل اور 4 ملیالم فلموں میں سے منتخب کیا گیا ہے۔

اس سے قبل کرن راؤ نے بھارتی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ اگر اُن کی فلم آسکر ایوارڈز کے لیے نامزد ہوجائے گی تو اُن کا خواب پورا ہوجائے گا۔

کرن راؤ کا کہنا تھا کہ مجھے اُمید ہے کہ آسکر ایوارڈز کی انتظامیہ فلم ‘لاپتہ لیڈیز’ پر غور کرے گی اور یقیناََ سب سے اچھی فلم کو منتخب کیا جائے گا۔

فلم ‘لاپتہ لیڈیز’ بپلاب گوسوامی کی ایک ایوارڈ یافتہ کہانی پر بنائی گئی ہے جس میں پرتیبھا رانتا، سپارش شریواستو، اور نیتانشی گوئل نے اداکاری کے جوہر دکھائے۔

فلم میں ایک ایسے شخص کی کہانی بیان کی گئی ہے جس کی دلہن ٹرین سفر کے دوران گم ہوجاتی ہے جب وہ گھونگھٹ کی وجہ سے پہچان نہ پانے پر دوسری دلہن کو ساتھ گھر لے آتا ہے۔

واضح رہے کہ رواں سال یکم مارچ کو سینما گھروں میں ریلیز ہونے والی فلم ‘لاپتہ لیڈیز’ کو عامر خان، کرن راؤ اور جیوتی دیشپانڈے نے پروڈیوس کیا۔


اپنا تبصرہ لکھیں