بالی ووڈ فلموں کے سیٹ پر پروان چڑھنے والی حقیقی محبتیں

بالی ووڈ فلموں کے سیٹ پر پروان چڑھنے والی حقیقی محبتیں


بالی ووڈ فلموں کی افسانوی محبتوں سے بھرپور کہانیوں نے پچھلی کئی دہائیوں سے برصغیر کے نوجوانوں کو اپنے سحر میں جکڑا ہوا ہے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ ان افسانوی کہانیوں کی عکس بندی کے دوران فلمی شائقین کو کئی حقیقی محبتیں بھی پروان چڑھتے دیکھنے کو ملیں۔

یہاں ایک نظر بھارتی فلم انڈسٹری کی ان مشہور اداکاروں کی محبت بھری داستانوں پر ڈال لیتے ہیں جوکہ فلموں کے سیٹ سے شروع ہوئیں اور پھر اُن کا انجام شادی جیسے خوبصورت رشتے پر ہوا۔

1- کاجول اور اجے دیوگن

بالی ووڈ کی معروف جوڑی اجے دیوگن اور کاجول 1995ء میں فلم ’ہلچل‘ کے سیٹ پر ایک دوسرے کی محبت میں گرفتار ہوئے اور  پھر 1999ء میں شادی کرلی، اب اس خوبصورت جوڑی کے دو بچے ایک بیٹی نیسا دیوگن اور ایک بیٹا یوگ دیوگن ہیں۔

2- ارباز خان اور ملائکہ اروڑا

بالی ووڈ اداکار ارباز خان اور اداکارہ ملائکہ اروڑا کو ایک دوسرے سے ایک اشتہار کی شوٹنگ کے دوران پہلی ہی نظر میں ایک دوسرے سے محبت ہوگئی تھی۔

ان دونوں نے 1998ء میں شادی کی جس کے بعد 2002ء میں اس جوڑی کے ہاں ایک بیٹے ارحان خان کی پیدائش ہوئی لیکن کئی سالوں تک چلنے والی یہ خوشگوار شادی 2017ء میں ٹوٹ گئی۔

3- اکشے کمار اور ٹوئنکل کھنہ

اکشے کمار کو 1999ء میں فلم ’انٹرنیشنل کھلاڑی‘ کے سیٹ پر اپنی ساتھی اداکارہ ٹوئنکل کھنہ سے محبت ہوگئی جس کے بعد 2001ء میں یہ جوڑی شادی کے بندھن میں بندھ گئی۔

اس خوبصورت جوڑی کے بھی اب دو بچے ایک بیٹا آرو کمار اور ایک بیٹی نتاریا کمار ہیں۔

4- ابھیشیک بچن اور ایشوریا رائے بچن 

ابھیشیک بچن اور ایشوریا رائے بچن نے 2007ء میں فلم ’گورو‘ کے سیٹ پر ایک دوسرے کو دل دیا اور اسی سال شادی بھی کرلی، جس کے بعد 2011ء میں اس جوڑی کی ہاں بیٹی ارادھیا بچن کی پیدائش ہوئی۔

5- سیف علی خان اور کرینہ کپور خان 

بالی ووڈ کے نواب سیف علی خان کو 2008ء میں فلم ’ٹشن‘ کے سیٹ پر کرینہ کپور خان سے محبت ہوئی۔

سیف علی خان 2012ء میں کرینہ کپور خان کے ساتھ دوسری بار رشتۂ ازدواج میں منسلک ہوئے۔

یاد رہے کہ سیف علی خان نے 1991ء میں پہلی شادی اپنی ساتھی اداکارہ امرتا سنگھ سے کی تھی۔

6- رتیش دیش مکھ اور جینیلیا ڈی سوزا

رتیش دیش مکھ اور جینیلیا ڈی سوزا کی محبت کی کہانی 2003ء میں فلم ’تجھے میری قسم‘ کے سیٹ سے شروع ہوئی اور 2012ء میں رشتۂ ازدواج میں منسلک ہوگئے۔

اب اس جوڑی کے دو بیٹے 8 سالہ ریان دیش مکھ اور 6 سالہ رائل دیش مکھ ہیں۔

7- کنال خیمو اور سوہا علی خان

اداکار کنال خیمو اور اداکارہ سوہا علی خان کے درمیان 2009ء میں فلم ’ڈھونڈتے رہ جاؤ گے‘ کے سیٹ سے محبت پروان چڑھنا شروع ہوئی اور بالآخر 2015ء میں ان دونوں نے بھی شادی کرلی۔

اس جوڑی کی اب ایک خوبصورت سی ننھی بیٹی بھی ہے، جس کا نام انایا نومی خیمو رکھا ہے۔

8- ویرات کوہلی اور انوشکا شرما 

 سابق بھارتی کپتان ویرات کوہلی اور انوشکا شرما کے درمیان ایک اشتہار کی شوٹنگ کے دوران دوستی ہوئی اور پھر یہ دوستی محبت میں بدل گئی۔

یہ جوڑی 2017ء میں رشتۂ ازدواج میں منسلک ہوئی اور 2021ء میں ان کے ہاں ایک ننھی پری کی پیدائش ہوئی جس کا نام ’ویمیکا کوہلی‘ رکھا ہے۔

9- رنویر سنگھ اور دیپیکا پڈوکون

اداکار رنویر سنگھ اور اداکارہ دیپیکا پڈوکون کو فلم ’رام لیلا‘ کے سیٹ پر ایک دوسرے سے محبت ہوئی، جس کے بعد یہ نامور اداکار جوڑی 2018ء میں رشتۂ ازداوج میں منسلک ہوئی۔

10- علی فضل اور ریچا چڈھا

اداکار علی فضل کی ساتھی اداکارہ ریچا چڈھا سے فلم ’فقرے‘ کے سیٹ پر اچھی دوستی ہوگئی تھی جوکہ دھیرے دھیرے محبت میں بدل گئی اور پھر گزشتہ سال یہ جوڑی بھی بالآخر شادی کے بندھن میں بندھ گئی۔


اپنا تبصرہ لکھیں