بالی ووڈ کی معروف اداکارہ تمنا بھاٹیہ دنیا کے پانچویں بڑے ہیرے کی مالکن بن گئی ہیں۔
بھارتی اداکار رام چرن کی اہلیہ اپاسنا نے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر تمنا بھاٹیا کی ایک تصویر شیئر کی ہے۔
اس تصویر میں اداکارہ کو اپنے ہاتھ میں بڑے قیمتی ہیرے کی انگوٹھی پہنے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔
اُنہوں نے یہ تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ یہ تحفہ مسز پروڈیوسر کی طرف سے زبردست تمنا بھاٹیہ کے لیے ہے۔
اُنہوں نے لکھا کہ مجھے آپ کی بہت یاد آ رہی ہے جلد ہی آپ سے ملاقات ہوگی۔
اپاسنا کامینی کونیڈیلا جیسی ایک مشہور شخصیت کی جانب سے تمنا بھاٹیہ کو یہ غیر معمولی تحفہ ملنے کی وجہ کے بارے میں بھارتی میڈیا پر مختلف قسم کی قیاس آرئیاں کی جا رہی ہیں۔
کچھ میڈیا رپورٹس میں یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ تمنا بھاٹیہ کو فلم’سائی را نرسمہا ریڈی‘ میں ان کی اہم کردار کی وجہ سے اپاسنا کی طرف سے یہ تحفہ ملا ہے۔
فلم ’سائی را نرسمہا ریڈی‘ کو اپاسنا کے شوہر اداکار رام چرن نے پروڈیوس کیا ہے اور اس فلم میں ان کے سسر چرنجیوی نے مرکزی کردار ادا کیا ہے۔
فلم’سائی را نرسمہا ریڈی‘چرنجیوی کے لیے ایک پسندیدہ پروجیکٹ ہے کیونکہ یہ ان کا ایک دیرینہ خواب تھا جسے ان کے بیٹے رام چرن نے پورا کیا۔
اس فلم کی کاسٹ میں چرنجیوی، نین تارا، تمنا بھاٹیہ، سدیپ، جگپتی بابو، وجے سیتھوپتی، امیتابھ بچن، اور انوشکا شیٹی اور دیگر شامل ہیں۔
اگرچہ یہ فلم شائقین کو بہت زیادہ متاثر نہیں کرسکی لیکن فلم میں اداکارہ تمنا بھاٹیہ کے کردار کو بہت پسند کیا گیا۔
اپاسنا نے بھی فلم میں اداکارہ کی شاندار کارکردگی کی بہت تعریف کی اور شاید اسی لیے اُنہوں نے تمنا بھاٹیہ کو اتنا قیمتی تحفہ دیا۔