پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) میجر جنرل آصف غفور نے بھارتی فلم سازوں کو ’بالا کوٹ‘ حملے پر فلم بنانے کے اعلان پر کرارا جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ ’بھارت کا خواب بولی وڈ فلم کے ذریعے ہی پورا ہو سکتا ہے‘۔
میجر جنرل آصف غفور نے ’انڈیا ٹوڈے‘ کی خبر ٹوئیٹ کرتے ہوئے کہا کہ ’پاکستان ایئر فورس‘ (پی اے ایف) کی جانبازوں کی جانب سے گرفتار کیے گئے بھارتی پائلٹ ابھی نندن کی وہ بطور سپاہی عزت کرتے ہیں مگر بھارت کا جھوٹا خواب تو فلم کے ذریعے ہی پورا ہوسکتا ہے۔
پاک فوج کے ترجمان کا کہنا تھا کہ ’بالا کوٹ‘ حملے کے حوالے سے بھارتی وزیر نے خود اعتراف کیا کہ پاکستان کا کوئی نقصان نہیں ہوا اور عالمی برادری کو بھی اس حملے کے نقصانات کے شواہد نہیں ملے۔
میجر جنرل آصف غفور کے مطابق تاہم بھارت کا ’بالا کوٹ‘ حملے کا سے خواب صرف بولی وڈ فلم کے ذریعے ہی ممکن ہے۔
خیال رہے کہ رواں برس 26 فروری کو بھارتی لڑاکا طیاروں نے بالاکوٹ میں فضائی حملہ کیا تھا اور اس حوالے سے نئی دہلی نے دعویٰ کیا تھا کہ انہوں نے جنگجوؤں کا کیمپ تباہ کردیا ہے تاہم پاکستان نے ان دعووں کو مسترد کردیا تھا جب کہ بعد ازاں بھارتی وزیر دفاع نے بھی حملے سے متعلق نقصان کی تفصیلات بتانے سے معزرت کرلی تھی۔
بھارت کی فضائیہ فوج کے سربراہ نے بھی حملے کے نتیجے میں کسی نقصان کی تفصیلات بتانے سے معزرت کی تھی جب کہ بعد ازاں عالمی اداروں نے بھی ’بالا کوٹ‘ حملے پر شکوک کا اظہار کیا تھا اور بھارتی فوج کے دعووں پر شک کا اظہار کیا تھا۔
اس حملے کے 2 دن بعد بھارت نے 28 فروری کو ایک بار پھر پاکستان کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کی کوشش کی تھی تاہم پاکستان ایئر فورس کے جانبازوں کارروائی کرتے ہوئے بھارت کے دو لڑاکا طیارے مار گرناے سمیت ایک پائلٹ ابھی نندن کو گرفتار کر لیا تھا۔
گرفتار کیے گئے بھارتی پائلٹ ابھی نندن کو پاکستان نے خطے میں امن کے قیام اور انسانی ہمدردی کے لیے یکم مارچ 2019 کو آزاد کرتے ہوئے بھارت کے حوالے کردیا تھا۔
تاہم اب اس معاملے پر بولی وڈ فلم سازوں نے فلم بنانے کا اعلان کیا ہے۔
فلم ساز سنجے لیلیٰ بھنسالی اور ٹی سیریز کی جانب سے ’بالا کوٹ‘ حملے کے پس منظر میں فلم بنانے کا اعلان کیا گیا ہے جس کی ہدایات ابھیشک کپور دیں گے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے بالا کوٹ حملے پر فلم بنانے پر بھارت اور فلم سازوں کو کرارا جواب دیا اور کہا کہ بھارت کا خواب صرف فلم سے ہی پورا ہوسکتا ہے۔
ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ سنجے لیلیٰ بھنسالی اور بشن کمار کی یہ فلم کب تک ریلیز ہوگی، تاہم خیال کیا جا رہا ہے کہ اس کی شوٹنگ آئندہ سال شروع ہوگی