لاہور:
بارش سے پاکستانی ٹیم کی تیاریاں بْری طرح متاثر ہوگئیں، ڈربی میں پریکٹس میچ کے چوتھے اور آخری روز ایک گیند بھی نہیں پھینکی جا سکی، اس سے قبل بیٹسمین فارم کے متلاشی رہے، ادھر ٹیم مینجمنٹ نے انگلینڈ سے ٹیسٹ سیریز کیلیے 20 کھلاڑیوں کو شارٹ لسٹ کر لیا ہے۔تفصیلات کے مطابق ڈربی میں پریکٹس میچ کا چوتھا اور آخری دن بارش کی نذر ہو گیا،میچ میں گرین ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے113رنز بنائے، جواب میں وائٹ ٹیم 198 کا مجموعہ حاصل کر سکی، تیسرے روز کے اختتام تک گرین ٹیم نے دوسری اننگز میں 3 وکٹ پر 133 رنز بنائے تھے۔
شان مسعود 49اور اظہرعلی 28رنز اسکور کرنے میں کامیاب رہے، بابر اعظم 25 پر ناٹ آؤٹ تھے، تینوں روز کے کھیل میں ایک بھی ففٹی نہیں بن پائی، چوتھے دن بابر اعظم کے لیے فارم بحال کرنے کا اچھا موقع ہوتا مگر بارش کی وجہ سے میدان کی حالت کھیلنے کے قابل نہ رہی اور میچ ڈرا ہوگیا، اس سے قبل دوسرے روز بھی صرف7 اوورز کا کھیل ممکن ہو سکا تھا، موسم کی خرابی کے سبب تیاریاں شدید متاثر ہونے کے بعد کھلاڑیوں کو ڈربی میں ٹریننگ کے مزید 2 روز میسر ہیں، منگل کو آرام کا دن ہے،کھلاڑی چاہیں تو جم وغیرہ میں انفرادی مشقیں کر سکیں گے، بدھ اور جمعرات کو صبح اور سہ پہر کے لگ الگ سیشنز ہوں گے۔
ایک روز آرام کے بعد یکم اگست کو مہمان اسکواڈ مانچسٹر روانہ ہوگا جہاں پہلا ٹیسٹ5اگست سے شروع ہونا ہے۔ ادھر ٹیم مینجمنٹ نے انگلینڈ سے ٹیسٹ سیریز کیلیے 20 کھلاڑیوں کو شارٹ لسٹ کرلیا،ان میں اظہر علی (کپتان)، بابراعظم، عابد علی، اسد شفیق، فہیم اشرف، فواد عالم، امام الحق، عمران خان سینئر، کاشف بھٹی، محمد عباس، محمد رضوان، سرفراز احمد، نسیم شاہ، شاداب خان، شاہین شاہ آفریدی، شان مسعود، سہیل خان، عثمان شنواری، وہاب ریاض اور یاسر شاہ شامل ہیں، اسکواڈ کے دیگر 9 کرکٹرز فخر زمان، افتخار احمد، حیدر علی، عماد وسیم، محمد حفیظ، محمد عامر، خوشدل شاہ، محمد حسنین اور موسیٰ خان ٹی20 سیریز کی تیاریاں جاری رکھیں گے۔