بارشوں سے ہونے والی تباہی کا ازالہ کیا جائے گا: وزیر بلدیات سندھ


کراچی: وزیر بلدیات سندھ ناصر شاہ کا کہنا ہےکہ حکومت بارشوں سے ہونے والی تباہی کا ازالہ کرے گی۔

اپنے ایک بیان میں ناصر شاہ نے کہا کہ کراچی کا انفرا اسٹرکچر ازسرنو بحال کیا جائے گا، تمام صوبے کے لیے ترقیاتی اسکیموں کا اعلان کیا جائے گا، وزیر اعلیٰ سندھ نے خصوصی طور پر آفت زدہ علاقوں کی بحالی کا اعلان کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ تمام متاثرہ افراد کے ساتھ ہے، بارشوں سے ہونے والی تباہی کا ازالہ کیا جائے گا۔

وزیر بلدیات کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت کو قدرتی آفات میں صوبائی حکومتوں کی مدد کرنی چاہیے اور اپوزیشن کو سیاست برائے سیاست سے پرہیز کرنا چاہیے۔

واضح رہے کہ کراچی میں مون سون کی حالیہ بارشوں سے حادثات میں جہاں کئی افراد جاں بحق ہوئے وہیں شہر کے بیشتر علاقوں میں گھروں میں پانی داخل ہونے سے شہریوں کا بڑے پیمانے پر نقصان بھی ہوا۔

کراچی کے پوش علاقوں ڈیفنس، کلفٹن سمیت کئی علاقوں میں پانی گھروں میں داخل ہوگیا جب کہ نیا ناظم آباد میں بدترین صورتحال دیکھنے میں آئی جہاں شہریوں کو کشتیوں کے ذریعے علاقے سے نکالا گیا۔


اپنا تبصرہ لکھیں