ہم روزمرہ تو اپنے گھروں میں وہی عام سا کھانا گھر والوں کے سامنے پیش کرتے ہیں لیکن اگر ہفتے میں کسی ایک روز کچھ نیا اور دلچسپ بنا لیا جائے تو یقیناً کھانے کا مزہ دوبالا ہوجائے گا۔
اب ایسے پکوان کے لیے چکن ونگز سے بہتر انتخاب کیا ہوگا؟ یہ بچوں اور بڑوں سب کو ہی بے حد پسند ہوتے ہیں۔
تاہم بہت سی خواتین کا ماننا ہے کہ چکن ونگز بنانا اتنا آسان نہیں کیوں کہ ایک تو اس کی ترکیب مشکل ہے اور دوسرا اس میں دنیا جہاں کے پتہ نہیں کون کون سے مصالحے شامل کیے جاتے ہیں۔
تاہم اگر آپ ایسا سوچ رہے ہیں تو اچھی خبر یہ ہے کہ نہایت آسان ترکیب کے ساتھ گھر میں چکن ونگز بنائے جاسکتے ہیں جسے کھا کر سب آپ کی تعریف کرتے نہیں تھکیں گے۔
ایسے ہی لذیذ چکن ونگز بنانے کی نہایت آسان ترکیب یہاں دی گئی ہے۔
باربی کیو چکن ونگز
اجزاء:
- میدہ 2 کپ
- کارن فلور 2 چائے کے چمچ
- کالی مرچ 2 چائے کے چمچ
- لہسن پاؤڈر ایک سے دو چائے کے چمچ
- نمک ایک سے دو چائے کے چمچ
- چکن ونگز 3 پاؤ
- تیل
- باربی کیو ساس ½ کپ
ترکیب:
چکن ونگز کو اچھی طرح دھو کر سکھا لیں، ایک بیگ میں میدہ، کالی مرچ، کارن فلور، لہسن پاؤڈر اور نمک ملا کر اچھی طرح مکس کریں، اس کے بعد سارے ونگز کو اس بیگ میں ڈالیں اور اس طرح مکس کریں کہ ونگز اچھی طرح اس میں کوٹ ہوجائیں۔
ایک کڑاھی میں تیل گرم کریں اور چکن ونگز کو سنہری ہونے تک ڈیپ فرائی کرلیں۔
دوسری کڑاھی میں ایک چائے کا چمچ تیل میں باربی کیو ساس ملائیں اور 30 سے 60 سیکنڈز تک مکس کرکے چولہا بند کردیں۔
اب اس میں فرائی کیے ہوئے ونگز شامل کریں اور اچھی طرح مکس کریں تاکہ تمام چکن ونگز میں یہ ساس اچھی طرح شامل ہوجائے، بعد میں ونگز پر کوئلے کا دم دیں اور چٹنی یا سوس کے ساتھ گرما گرم پیش کریں۔