بادشاہ ایک ہی ہے جس کا نام بابر ہے، شاداب خان

بادشاہ ایک ہی ہے جس کا نام بابر ہے، شاداب خان


قومی کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر شاداب خان نے کہا ہے کہ بادشاہ ایک ہے جس کا نام بابر ہے۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے آسٹریلوی بولرز کے چھکے چھڑائے جس پر شاداب خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کپتان بابر اعظم اور امام الحق کی کچھ تصاویر شیئر کرتے ہوئے ناقابلِ شکست سنچریوں کی تعریف کی ہے۔

شاداب نے دونوں کی سنچریوں کی تعریف کرتے ہوئے لکھا کہ ایک ضروری بات وہ یہ کہ بادشاہ ایک ہے اور وہ بابر ہے۔

قومی کرکٹر نے یہ بھی لکھا کہ پوری ٹیم نے کوشش کی جبکہ فاسٹ باؤلرز نے بھی بہترین کھیل کا مظاہرہ کیا۔

انہوں نے لکھا کہ فخر زمان نے اچھا آغاز کیا جب کہ افتخار اور خوشدل نے پرسکون انداز میں میچ کو ختم کیا۔

شاداب خان نے شائقین کو امید دلاتے ہوئے کہا کہ یقین رکھیں ہم بحیثیت ٹیم سخت محنت کریں گے۔

واضح رہے کہ گذشتہ روز پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان ون ڈے سیریز کا دوسرا میچ لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا گیا جس میں پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے آسٹریلیا کے مقررہ 50 اوورز میں 348 رنز کا ہدف دیا تھا۔

اس میچ میں پاکستان نے بابراعظم اور امام الحق کی سنچری کی بدولت مطلوبہ ہدف ایک اوور پہلے ہی 4 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا تھا جس کے بعد سیریز 1-1 سے برابر ہوگئی ہے۔


اپنا تبصرہ لکھیں