بابیل خان نے ’بالی ووڈ کے نئے ڈان‘ کے بارے میں کیا کہا؟

بابیل خان نے ’بالی ووڈ کے نئے ڈان‘ کے بارے میں کیا کہا؟


بالی ووڈ کے ورسٹائل اور معروف اداکار عرفان خان مرحوم کے بیٹے بابیل خان نے ہٹ فلم سیریز ’ڈان‘ میں ’نئے ڈان‘ کی انٹری پر اپنی رائے کا اظہار کیا ہے۔

بابیل خان نے حال ہی میں اپنے ایک انٹرویو میں فلم ’ڈان 3‘ میں شاہ رخ خان کے انکار کے بعد رنویر سنگھ کو کاسٹ کیے جانے کے بارے میں بات کی۔

اُنہوں نے رنویر سنگھ کو شاہ رخ خان کی جگہ کاسٹ کیے جانے پر ہونے والی تنقید کے بارے میں کہا کہ ’مجھے لگتا ہے کہ جب انسان کو بہت زیادہ تنقید کا سامنا کرنا پڑتا ہے تو اس کی کامیابی یقینی ہوتی ہے اور اس کامیابی کے بعد محبت بھی اتنی ہی بے پناہ ہوتی ہے جتنی کہ اس سے پہلے انسان پر تنقید کی گئی ہوتی ہے‘۔

اُنہوں نے کہا کہ ’دیکھتے ہیں کہ آگے کیا ہوتا ہے لیکن ہیتھ لیجر کے ساتھ تو ایسا ہی ہوا تھا اس لیے رنویر سنگھ کے انتخاب پر جو تنقید ہو رہی ہے اسے نہ تو صحیح کہا جا سکتا ہے اور نہ ہی غلط‘۔

بابیل خان نے رنویر سنگھ کے لیے اپنی نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’مجھے یقین ہے کہ وہ ثابت قدم رہیں گے اور جب وہ ایسا کریں گے تو ان کو محبت ضرور ملے گی‘۔

واضح رہے کہ معروف بھارتی ہدایتکار و اداکار فرحان اختر نے فلم ’ڈان‘ کی تیسری انسٹالمنٹ میں شاہ رخ خان کی جگہ رنویر سنگھ کو بطور ڈان متعارف کروا دیا ہے۔

لیکن بلاک بسٹر فلم سیریز ’ڈان‘ کی تیسری انسٹالمنٹ میں اداکار رنویر سنگھ کو ڈان کے روپ میں دیکھ کر مداح زیادہ متاثر نہیں ہوئے۔

کچھ شائقین نے فلم سیریز کی 2025ء میں ریلیز ہونے والی تیسری انسٹالمنٹ کے ٹیزر کی تعریف کی ہے لیکن کچھ شائقین نے ہدایت کار کو دھمکی دی ہے کہ وہ فلم کا بائیکاٹ کریں گے۔

یاد رہے کہ ’ڈان‘ کا یہ مشہور کردار سب سے پہلے لیجنڈ اداکار امیتابھ بچن نے 1978ء میں ادا کیا تھا اور پھر 2006ء اور 2011ء میں شاہ رخ خان نے بطور ڈان مداحوں کے دل جیتے تھے۔


اپنا تبصرہ لکھیں