بابر اعظم کے بیٹ سے ایک اورریکارڈ پاش پاش

بابر اعظم کے بیٹ سے ایک اورریکارڈ پاش پاش


 لاہور: 

بابر اعظم کے بیٹ سے ریکارڈز کے پاش پاش ہونے کا سلسلہ جاری ہے،وہ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں سب سے زیادہ سنچریاں بنانے والے پاکستانی بیٹسمین بن گئے۔نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ میں سینٹرل پنجاب کی قیادت کرنے والے بابر اعظم نے گذشتہ روز ناردرن کے بولرز کی پٹائی کرتے ہوئے 63گیندوں پر ناقابل شکست105رنز بنائے،یوں انھوں نے مختصر فارمیٹ میں چھٹی سنچری بنانے کا اعزاز حاصل کرتے ہوئے سب کو پیچھے چھوڑ دیا۔

اس سے قبل 5،5 تھری فیگر اننگز کھیلنے والے احمد شہزاد اور کامران اکمل ریکارڈ میں ان کے ساتھ شامل تھے،بابر اعظم نے یہ سنگ میل 185اننگز میں عبور کیا،احمد شہزاد 221اور کامران اکمل 263میچزمیں 5،5سنچریاں بنانے میں کامیاب ہوئے تھے، خرم منظورنے4،مختار احمد اور شرجیل خان نے 3،3 تھری فیگر اننگز کھیلی ہیں۔

یاد رہے کہ 2019کے بعد کسی پاکستانی بیٹسمین نے 2سے زیادہ سنچریاں بنانے کا اعزاز حاصل نہیں کیا، گذشتہ 3سال میں دنیا کے کسی بیٹسمین نے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں بابر اعظم سے زیادہ تھری فیگر اننگز نہیں کھیلیں،ڈیوڈ مالان اور الیکس ہیلز نے 3،3بار یہ سنگ میل عبور کیا ہے۔

اننگز کے اختتام پر گفتگو میں سینٹرل پنجاب کے کپتان نے کہا کہ ابتدا میں گیند بیٹ پر نہیں آ رہی تھی، احمد شہزاد کی شراکت میں اچھا آغاز ملنے کے بعد بڑی اننگز کیلیے اعتماد بڑھتا گیا،میرا چند بولرز کو ہدف بنانے کا پلان تھا مگر دیگر کو بھی مثبت سوچ کے ساتھ کھیلتے ہوئے اوور میں 10رنز اسکور کرتے رہے،یہ حکمت عملی کارگر ثابت ہوئی۔


اپنا تبصرہ لکھیں