بابر اعظم کا بڑا پن ہے مجھ پر اعتماد کرکے اپنی ٹیم میں لیا، آصف علی

بابر اعظم کا بڑا پن ہے مجھ پر اعتماد کرکے اپنی ٹیم میں لیا، آصف علی


پشاور زلمی کے بیٹر آصف علی نے کہا ہے کہ بابر اعظم کا بڑا پن ہے کہ مجھ پر اعتماد کرکے اپنی ٹیم میں لیا۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے آصف علی کا کہنا تھا کہ پشاور زلمی کی جانب سے پہلا سیزن کھیل رہا ہوں، بڑے اچھے ماحول میں ٹریننگ جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ کرکٹ کا کھیل ایک پریشر گیم ہے، اس چیز کو اچھے طریقے سے ہینڈل کرنا ہوتا ہے۔

آصف علی کا کہنا تھا کہ بیرون ملک بھی مختلف ٹیموں سے کھیلنے کا تجربہ ہے، جس چیز میں تھوڑی کمی تھی اس پر کام کیا ہے، پی ایس ایل میں انہیں دکھانے کی کوشش کروں گا۔

جارح مزاج بلے باز نے کہا کہ اچھا پرفارم کروں گا تو ٹیم میں کم بیک کروں گا، فینز سے دعاؤں کی درخواست ہے کہ انکے لیے اچھا پرفارم کروں۔

بابر اعظم کی کپتانی پر بات کرتے ہوئے انکا کہنا تھا کہ بابر اعظم اسی انداز سے کپتانی کر رہے ہیں جیسے وہ پاکستان ٹیم کی کرتے ہیں، بابر اعظم فیلڈ میں تمام کھلاڑیوں کی رہنمائی کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بابر اعظم اور ٹاپ آرڈر کا بڑا اچھا کمبی نیشن بنا ہوا ہے، بابر اعظم کا بڑا پن ہے کہ مجھ پر اعتماد کرکے اپنی ٹیم میں لیا۔

انکا کہنا تھا کہ میں نے ہمت نہیں ہاری جب نصیب میں ہوا تو کم بیک ضرور کروں گا، اولین کوشش یہی ہے کہ پی ایس ایل میں اچھا پرفارم کروں۔

آصف علی نے بتایا کہ محمد یوسف لیجنڈ بیٹر ہیں، ان سے سیکھنے کا موقع سب کو مل رہا ہے۔ آج میچ کے موقع پر لاہور قلندرز کے عبداللّٰہ شفیق بھی محمد یوسف سے پوچھنے آئے تھے۔

انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل میں تمام ٹیمیں بیلنس ہیں۔

100 سے 150 چھکے مارنے کے سوال پر آصف علی کا کہنا تھا کہ میں پیٹرول تو نہیں پیتا کہ روزانہ 300 چھکے ماروں۔

انکا کہنا تھا کہ نیشنل کرکٹ اکیڈمی (این سی اے) میں کیمپ کے دوران چھکے لگانے کی پریکٹس کرتا تھا، مگر اس بیان پر میری بھی غلطی تھی اور لگانے والے کی بھی۔


اپنا تبصرہ لکھیں