بابر اعظم نے اتنے رنز کیے ہیں، گنتی بھی نہیں کر سکتا: شاہین آفریدی

بابر اعظم نے اتنے رنز کیے ہیں، گنتی بھی نہیں کر سکتا: شاہین آفریدی


پاکستان کی ٹی 20 ٹیم کے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے کہا ہے کہ مجھے نہیں لگتا بابر کی فارم خراب چل رہی ہے، انہوں نے اتنے رنز کئے ہیں کہ میں گنتی بھی نہیں کرسکتا۔

آکلینڈ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شاہین شاہ آفریدی نے کہا کہ بابر اور رضوان دنیا کی بہترین اوپننگ جوڑی ہے اور رہے گی، ورلڈ کپ سے قبل 17 ٹی ٹوئنٹی میچز ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس دورے پر مختلف کمبینیشن بنائیں گے، کون کس جگہ پر بہتر کھیل رہا ہے، جب انگلینڈ کے خلاف سیریز کے لیے جائیں گے تو سب کو معلوم ہو گا کس نے کیا کرنا ہے، ورلڈ کپ سے پہلے چاہتے ہیں معلوم ہو کون کس پوزیشن پر کھیلے گا، نہیں چاہتے ورلڈ کپ سے قبل پھر کوئی انجری ہو جائے۔

شاہین شاہ آفریدی کا کہنا ہے کہ میں مکمل فٹ ہوں، دو ٹیسٹ میں زیادہ بولنگ ہو گئی تھی، مینجمنٹ نہیں چاہتی تھی کہ پھر کوئی انجری ہو جائے، اگر سیریز جیتنے کا کوئی موقع ہوتا تو ضرور کھیلتا۔

کپتان نے کہا کہ اولین ترجیح ٹیسٹ کرکٹ کھیلنا ہے، یہ فارمیٹ مجھے پسند ہے، میرے لیے بڑا فخر کا لمحہ ہے میں پاکستان ٹیم کی قیادت کر رہا ہوں، ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان ٹیم اچھی کھیلتی ہوئی آ رہی ہے، ٹی ٹوئنٹی کے بڑے ایونٹ میں بھی کارکردگی اچھی رہی ہے، لیکن بدقسمتی سے ان ایونٹس میں وہ نتائج نہیں ملے جو ملنے چاہیے تھے۔

ان کا مزید کہنا ہے کہ ورلڈ کپ کے سیمی فائنل اور فائنل کھیلنا آسان نہیں ہوتا، چھوٹی چھوٹی غلطیاں کر رہے تھے، کوشش ہو گی غلطیاں نہ کریں، اس وقت ٹیم میں کچھ کھلاڑیوں نے کم بیک کیا اور کچھ نئے کھلاڑی بھی ہیں، نیوزی لینڈ کے دورے پر کوشش ہوگی سب کو موقع ملے۔

انہوں نے مزید کہا کہ میرے پہلے اوور میں وکٹ اتنی زیادہ نہیں ہے، پہلے اوور میں وکٹ 15 یا 16 میچز میں ہو گی لیکن جب لوگ اُمید باندھ لیتے ہیں تو ہم بھی کوشش کرتے ہیں، ورلڈ کپ میں کارکردگی اچھی نہیں رہی لیکن سب سے زیادہ سپورٹ شکست کے وقت چاہیے ہوتی ہے، ہار کے موقع پر سپورٹ ملنی چاہیے جیتنے پر تو سب ہی سپورٹ کرتے ہیں۔

شاہین شاہ آفریدی کا یہ بھی کہنا ہے کہ جو کمی مجھ میں ہے کوشش ہو گی اس کو دور کروں، انسان ہمیشہ سیکھتا ہے، میں بھی سیکھ رہا ہوں، اپنے ملک کیلئے آخری دم تک جو کرنا ہو گا کروں گا، بولنگ کے وقت جب بورڈ کم اسپیڈ بتا رہا تھا تو ہمیں خود حیرت ہو رہی تھی، اتنا زور لگا کر بولنگ کر رہے اور اسپیڈ صرف 130 بتا رہی ہے۔


اپنا تبصرہ لکھیں